گولکنڈہ یونٹ صدر کے مسئلہ پر اختلاف
حیدرآباد ۔14۔فروری (سیاست نیوز) بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے دھمکی دی کہ اگر ان کے سفارش کردہ شخص کو گولکنڈہ یونٹ بی جے پی کا صدر مقرر نہیں کیا گیا تو وہ پارٹی سے استعفیٰ دے دیں گے ۔ راجہ سنگھ نے پارٹی قیادت پر ان کے سفارش کردہ شخص کی مخالفت کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ایک ایسے شخص کو گولکنڈہ یونٹ کا صدر مقرر کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے جو مجلس سے قریبی ربط رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گولکنڈہ یونٹ ان کے اسمبلی حلقہ گوشہ محل کے تحت ہے، لہذا ان کے سفارش کردہ شخص کو مقرر کیا جانا چاہئے ۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ وہ پارٹی کی جانب سے مزید کسی توہین کو برداشت نہیں کریں گے ۔ اگر پارٹی ان کی خدمات کو ضروری تصور نہیں کرتی تو وہ استعفیٰ پیش کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بی جے پی سے استعفیٰ کے لئے بھی تیار ہیں۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ وہ پارٹی کے بعض قائدین کی طرح بروکر بننے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گولکنڈہ یونٹ کے صدر کے عہدہ پر بی سی یا ایس سی طبقہ کے شخص کو مقرر کرنے کی سفارش کی تھی لیکن پارٹی قیادت نے ایسے شخص کو مقرر کیا جو مجلس سے قریب ہے۔ میں نے فون پر سینئر لیڈر سے اس بارے میں وضاحت طلب کی لیکن مجھے موثر جواب نہیں ملا۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ اگر ان کے تجویز کردہ شخص کا تقرر نہیں ہوتا ہے تو وہ پارٹی سے استعفیٰ دے دیں گے۔1