پولیس نے اندر داخل ہونے نہیں دیا ، معطل شدہ بی جے پی رکن اسمبلی کی ناراضگی
حیدرآباد ۔ 6 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی کے معطل شدہ رکن اسمبلی راجہ سنگھ کو تلنگانہ کے نئے سکریٹریٹ میں تلخ تجربات کا سامنا کرنا پڑا ۔ پولیس نے انہیں سکریٹریٹ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی ۔ راجہ سنگھ نے سکریٹریٹ پر سیکوریٹی کے فرائض انجام دینے والے پولیس عہدیداروں کو بتایا کہ وہ ریاستی وزیر ٹی سرینواس یادو کی جانب سے طلب کردہ شہر کے ارکان اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرنے پہونچے ہیں ۔ پولیس عہدیداروں نے انہیں بتایا کہ اس طرح کی میٹنگ کی انہیں پیشگی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ جس کے بعد راجہ سنگھ وہاں سے واپس ہوگئے ۔ بعد ازاں راجہ سنگھ نے بتایا کہ انہیں ریاستی وزیر ٹی سرینواس یادو نے شہر کے مسائل کا جائزہ لینے کے لیے شہر کی نمائندگی کرنے والے دوسرے ارکان اسمبلی کے ساتھ طلب کیا ۔ وہ اپنے اسمبلی حلقہ گوشہ محل کے مسائل پر تبادلہ خیال کرنے سکریٹریٹ پہونچے تھے لیکن پولیس عہدیداروں نے انہیں روکتے ہوئے اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی ۔ عوامی فنڈز سے تعمیر کردہ سکریٹریٹ میں عوامی منتخب نمائندوں کو داخلے کی اجازت نہیں ہے تو عوام کو کیا رہے گی ۔ وہ وزیر سرینواس یادو کے طلب کردہ اجلاس میں شرکت کرنے پہونچے تھے لیکن پولیس نے انہیں روک دیا ۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کیا انہیں روکنے کی پہلے سے ہدایت دی گئی تھی یا ٹائم پاس کے لیے میٹنگ طلب کی گئی تھی ۔۔ ن