راجہ سنگھ کو پولیس کا سکیورٹی الرٹ

   

بائیک کے بجائے بلٹ پروف گاڑی میں سفر کا مشورہ
حیدرآباد 20 مارچ (سیاست نیوز) حیدرآباد پولیس نے بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کو سکیورٹی کے بارے میں چوکسی کا مشورہ دیتے ہوئے الرٹ جاری کیا۔ حالیہ عرصہ میں راجہ سنگھ کو متواتر دھمکیوں کے پیش نظر پولیس نے الرٹ جاری کرتے ہوئے اُنھیں مشورہ دیا کہ وہ بلٹ پروف گاڑی کا استعمال کریں اور حکومت کی جانب سے الاٹ کردہ سکیورٹی عملہ سے استفادہ کریں۔ انسپکٹر پولیس منگل ہاٹ نے سکیورٹی الرٹ جاری کیا۔ مکتوب میں کہا گیا کہ رکن اسمبلی کو متواتر دھمکی آمیز کال موصول ہورہے ہیں اور اکثر دیکھا گیا ہے کہ رکن اسمبلی سکیورٹی عملہ کے بغیر ہی مکان سے باہر نکل رہے ہیں۔ سکیورٹی کے بغیر عوام کے درمیان گھوم رہے ہیں جو سلامتی سے متعلق کوتاہی کو ظاہر کرتا ہے۔ راجہ سنگھ سے کہا گیا کہ وہ بلٹ پروف گاڑی کا استعمال کریں اور حکومت کی جانب سے الاٹ کردہ 1+4 سکیورٹی سے استفادہ کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکا جاسکے۔ پولیس نے نوٹس کے حصول کی اطلاع دینے اور امن و ضبط کی برقراری میں تعاون کی خواہش کی۔ پولیس کے سکیورٹی الرٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے راجہ سنگھ نے کہاکہ گوشہ محل اسمبلی حلقہ کالونیوں، سلم علاقوں اور تنگ گلیوں پر مشتمل ہے جہاں بلٹ پروف گاڑی کے استعمال سے عوام کو دشواری ہوسکتی ہے۔ راجہ سنگھ نے کہاکہ وہ عوام تک بہ آسانی رسائی کے لئے بائیک پر سفر کو ترجیح دے رہے ہیں۔ راجہ سنگھ نے کہاکہ اُنھیں پولیس کی جانب سے مکتوب موصول ہوا جس میں حلقہ میں بائیک پر گھومنے سے منع کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ راجہ سنگھ متنازعہ بیانات کے سبب تنازعات کا شکار رہے ہیں۔ 1