راجیو یووا وکاسم کے تحت 1003 کروڑ کی اقلیتوں کو امداد کا فیصلہ

   

ایکشن پلان کی اجرائی، 45000 امیدواروں کو 756 کروڑ سبسیڈی، سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال کے احکامات
حیدرآباد 10 اپریل (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود نے راجیو یووا وکاسم اسکیم کیلئے مسلم اقلیت اور عیسائی اقلیت کو اسکیم سے استفادہ کا ایکشن پلان تیار کیا ہے۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال نے ایکشن پلان 2024-25 پر مشتمل جی او ایم ایس 2 جاری کیا۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن و کرسچن مینارٹیز فینانس کارپوریشن کے ذریعہ اسکیم پر عمل آوری کی جائیگی۔ مسلم اقلیت کیلئے راجیو یووا وکاسم اسکیم کے تحت 1003 کروڑ امداد کا منصوبہ ہے جس میں 756 کروڑ بطور سبسیڈی رہیںگے جبکہ بینک قرض 247 کروڑ رہے گا۔ مسلم اقلیت کے 45000 استفادہ کنندگان کو اسکیم کے دائرہ میں شامل کیا جائیگا ۔ کرسچن مینارٹیز فینانس کارپوریشن کے تحت 109.19 کروڑ کی امداد کا فیصلہ کیا گیا ، اس رقم میں 84 کروڑ سبسیڈی رہے گی جبکہ 25.19 کروڑ بینک قرض رہے گا۔ عیسائی اقلیت کے 5005 امیدواروں کو اسکیم سے فائدہ ہوگا۔ حکومت نے اقلیتی اور کرسچن فینانس کارپوریشنوں کو ایکشن پلان پر عمل کی ہدایت دی ہے۔ راجیو یووا وکاسم اسکیم کیلئے درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 14 اپریل مقرر کی اور امیدواروں کو آن لائین درخواستیں داخل کرنا ہوگا۔ حکومت نے ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیت کے نوجوانوں کو خود روزگار اسکیم کے تحت مختلف کاروبار شروع کرنے کیلئے امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 6000 کروڑ کی امداد دی جائے گی۔ چار مختلف زمرہ جات کے تحت سبسیڈی پر مبنی امداد رہے گی۔ 50,000 روپئے کی امداد مکمل طور پر سبسیڈی رہے گی جبکہ ایک لاکھ روپئے امداد میں 90 فیصد سبسیڈی ، دو لاکھ روپئے میں 80 فیصد اور 4 لاکھ تک 70 فیصد سبسیڈی رہے گی۔ حکومت نے بینکوں کو ہدایت دی ہے کہ راجیو یووا وکاسم اسکیم کے منظورہ درخواست گزاروں کو لون جاری کیا جائے ۔1