نئی دہلی: اپوزیشن جماعتوں کے اراکین نے اڈانی گروپ کے خلاف الزامات کی جانچ کیلئے جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا مطالبہ کرتے ہوئے آج راجیہ سبھا میں زبردست ہنگامہ آرائی کی جس کی وجہ سے ایوان کی کارروئی دن بھر کے لئے ملتوی کردی گئے ، جس کے نتیجے میں آج بھی ایوان میں کوئی کام کاج نہیں ہو سکا۔ لنچ کے وقفے کے بعد کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے چیئرمین جگدیپ دھنکڑ نے بزنس ایڈوائزری کمیٹی کی میٹنگ میں کیے گئے فیصلوں کی جانکاری دی۔ اس دوران اپوزیشن اراکین نے بھی اپنی نشستوں سے اٹھ کر نعرے بازی شروع کردی جس کے بعد چیئرمین نے ایوان کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کردی۔ دھنکڑنے آج صبح جیسے ہی ضروری دستاویزات ایوان میں رکھ کر کارروائی شروع کرنا چاہا تو کانگریس کے اراکین اپنی نشستوں سے اٹھ کر نعرے لگانے لگے ۔ مشتعل اراکین سے اپنی نشستوں پر واپس جانے کی اپیل کرتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ وہ رول 267 کے تحت موصول ہونے والے نوٹس پر اپنا حکم دینے جارہے ہیں لیکن اپوزیشن اراکین کرسی کے قریب کھڑے ہو کر نعرے لگاتے رہے ۔ ان کی اپیل کا کوئی اثر نہ ہوتے دیکھ کر اسپیکر نے ایوان کی کارروائی دو بجے تک ملتوی کر دی۔