راج بھون اور حکومت کے درمیان ٹکراؤ !

   

گورنر خطبہ کے بغیر بجٹ اجلاس پر تمیلی سائی سوندرا راجن کا سخت ردعمل
حیدرآباد ۔ 5 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : گورنر تلنگانہ تمیلی سائی سوندرا راجن نے اسمبلی کے بجٹ سیشن میں ان کا خطبہ شامل نہ کرنے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گورنر کا خطبہ نہ ہونے کی وجہ سے گذشتہ ایک سال کے دوران حکومت کی کارکردگی پر مباحث کے اختیار سے ارکان محروم ہورہے ہیں ۔ ایک پریس نوٹ میں گورنر نے بتایا کہ پیر سے بجٹ سیشن کا آغاز ہورہا ہے ۔ عام روایت کے مطابق پہلے دن گورنر کا خطبہ ہوتا ہے ۔ تاہم حکومت کی جانب سے اس کو گذشتہ اجلاس کا تسلسل قرار دیتے ہوئے گورنر کے خطبہ کے بغیر بجٹ سیشن کے آغاز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ حکومت نے وضاحت کی ہے کہ تکنیکی پہلو کے باعث گورنر کا خطبہ ممکن نہیں ہے۔ گورنر کا خطبہ گورنر دفتر کا تیار کردہ نہیں ہوتا بلکہ حکومت کے دفتر کا ہوتا ہے جو گذشتہ سال حکومت کی سرگرمیاں اور کامیابیوں کے علاوہ آئندہ سال کے لیے پالیسی اقدامات کا رپورٹ کارڈ ہوتا ہے ۔ حکومت کے اس فیصلے پر کانگریس اور بی جے پی نے سخت اعتراض کرتے ہوئے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ مگر حکومت اپنے فیصلے کی مدافعت کرتے ہوئے دستوری قواعد کے مطابق بجٹ اجلاس منعقد کرنے کا دعویٰ کررہی ہے ۔ جس پر راج بھون کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے ۔ تکنیکی وجوہات کو بنیاد بناتے ہوئے حکومت نے گورنر کے خطبہ کو منسوخ کردیا ہے ۔ جب کہ روایت کے مطابق گورنر کے خطبہ پر ایوان میں مباحث ہوتے ہے اور گورنر کے خطبہ سے ہی بجٹ اجلاس کا آغاز ہوتا ہے ۔ حکومت نے فینانس بل پیش کرنے کے لیے سفارش کرنے کی گورنر سے اپیل کی ۔ اب حکومت کی جانب سے گورنر کا خطبہ نہ ہونے کا جو فیصلہ کیا گیا ہے وہ غیر درست ہے ۔ دستور کا احترام کرتے ہوئے انہوں نے فینانس بل پیش کرنے کی سفارشات کیں جب کہ فینانس بل کی سفارش کرنے کے لیے وقت لینے کی انہیں آزادی ہے ۔ عوامی فلاحی و بہبود کو مد نظر رکھتے ہوئے انہوں نے بغیر کسی تاخیر کے فوری سفارش کردی ۔ گورنر کے خطبہ پر ارکان اسمبلی مباحث کرنے کے حق سے محروم ہورہے ہیں ۔ حالیہ چند دنوں سے حکومت اور راج بھون کے درمیان دوریاں بڑھ گئی ہیں ۔ گورنر کوٹہ کونسل کی رکنیت کیلئے حکومت نے پی کوشک ریڈی کے نام کی سفارش کی تھی جس کو گورنر نے طویل عرصہ تک اس کو زیر التواء رکھا ۔ کورونا صورتحال کی وجہ سے اس مرتبہ باغ عامہ کے بجائے راج بھون میں یوم جمہوریہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں چیف منسٹر اور وزراء نے شرکت نہیں کی تھی ۔۔ ن