دھان کی خریدی پر ضلع کلکٹرس سے ویڈیو کانفرنس، باریک دھان پر بونس: اتم کمار ریڈی
حیدرآباد۔/3 نومبر، ( سیاست نیوز) وزیر سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے ریاست میں کسانوں سے دھان کی خریدی کے مسئلہ پر ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ انہوں نے ضلع کلکٹر اور سیول سپلائیز کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ دھان کی خریدی کے معاملہ میں حکومت کے طئے شدہ پروگرام پر عمل کرتے ہوئے تمام اضلاع میں خریدی مراکز قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ پروکیورمنٹ سنٹرس کو دھان پہنچنے سے قبل ہی حکام کو موثر منصوبہ بندی کرنی چاہیئے تاکہ دھان کے ذخیرہ کو محفوظ کرنے میں مدد ملے۔ سیول سپلائیز اور مارکٹنگ ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کے ہمراہ ویڈیو کانفرنس میں اتم کمار ریڈی نے امید ظاہر کی کہ جاریہ سیزن میں 150 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی پیداوار کا امکان ہے۔ ریاستی حکومت نے دھان کی خریدی کیلئے 20 ہزار کروڑ مختص کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملرس کے چارجس میں اضافہ کیا ہے جس کے نتیجہ میں ملرس سے تعاون کی امید ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 10 فیصد بینک گیارنٹی کے ذریعہ دھان کا ذخیرہ کرنے میں ملرس کو مدد ملے گی اور حکومت کی جانب سے تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ وزیر سیول سپلائیز نے ضلع کلکٹرس سے کہاکہ وہ سیول سپلائیز کمشنر سے مشاورت کرتے ہوئے انتظامات کو قطعیت دیں۔ انہوں نے حکومت کے مشیر محمد علی شبیر اور ارکان اسمبلی پی سرینواس ریڈی ، سدرشن ریڈی، مدن موہن اور انیل ریڈی کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز سے کلکٹرس کو واقف کرایا۔ انہوں نے کلکٹرس سے کہا کہ وہ مقامی سطح کے فیصلے اپنے طور پر کریں اور گوداموںکی گنجائش میں 30 فیصد اضافہ کیا جائے۔ تلنگانہ میں فی الوقت دھان کی خریدی کے4598 مراکز ہیں اور وزیر سیول سپلائیز نے مراکز کی تعداد میں 7572 تک اضافہ کا مشورہ دیا۔ حکومت کی جانب سے فائن دھان پر فی کنٹل 500 روپئے بونس کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوری سے تمام راشن کارڈ ہولڈرس اور سطح غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والے خاندانوں کو باریک چاول سربراہ کیا جائے گا۔1
انہوں نے سیول سپلائیز کے ذریعہ دیئے جانے والے چاول کی غیرقانونی منتقلی روکنے ریاست کی سرحدوں پر چوکسی کی ہدایت دی۔1
راشن کارڈ ہولڈرس کو جنوری سے باریک چاول کی سربراہی