نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی ادے پور میں منعقد ہونے والے پارٹی کے چنتن شیویر میں شرکت کے لیے کارکنوں کے ساتھ ٹرین سے جائیں گے اور اس دوران پارٹی کے دیگر کئی سینئر لیڈر بھی ٹرین سے ہی سفر کریں گے ۔کانگریس ذرائع نے بتایا کہ راہول گاندھی 12 مئی کی رات دہلی سے ٹرین سے روانہ ہوں گے ۔ کانگریس صدر سونیا گاندھی کے بھی چنتن شیویر میں شرکت کے لیے اسی ٹرین سے جانے کی بات کی جا رہی ہے ، لیکن ان کی عمر اور صحت کی وجہ سے ان کے ہوائی جہاز سے جانے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ راہول جس ٹرین سے جارہے ہیں اس میں کانگریس کارکنوں کے لئے الگ سے دو ڈبے بک کرائے گئے ہیں۔ پارٹی کی ایک سرکردہ خاتون لیڈر نے کہا کہ پارٹی کے کئی کارکنوں کو ٹرین میں راہول کے ساتھ جانے کے لئے کہا گیا ہے ۔ اس کیمپ میں پورے ملک سے 422 مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔کانگریس کا چنتن شیویر 13 سے 15 مئی تک ادے پور میں منعقد ہو رہا ہے ، جس میں آئندہ اسمبلی انتخابات اور 2024 کے عام انتخابات کی تیاریوں میں نئے جوش کے ساتھ عوام کے درمیان جانے کے لیے پارٹی کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔ پیر کو منعقدہ ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس ’چنتن شیویر‘کے ذریعے کانگریس کو عوام کے درمیان مزید جارحانہ انداز میں سرگرم کرنے کے لیے ایک ایکشن پلان تیار کیا جائے گا۔چند ماہ قبل پانچ ریاستوں میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی شکست کے بعد محترمہ گاندھی نے پارٹی کو نئے جوش کے ساتھ تیار کرنے کے لیے پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے بعد چنتن شیور کا انعقاد کرنے کا اعلان کیا تھا اور اسی مناسبت سے ادے پور میں یہ کیمپ لگایا جا رہا ہے ۔