راہول انگلینڈ کے خلاف کیپنگ نہیں کریں گے : ڈراویڈ

   

حیدرآباد ۔ ہندوستان کے ہیڈ کوچ راہول ڈراویڈ نے کہا ہے کہ کے ایل راہول انگلینڈ کے خلاف جمعرات کو حیدرآباد میں شروع ہونے والی پانچ ٹسٹ میچوں کی سیریز میں وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری نہیں سنبھالیں گے۔ راہول دسمبر جنوری میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہندوستان کی ٹسٹ سیریز کے دوران وکٹ کیپر تھے، لیکن اب ڈراویڈ نے گھریلو حالات کی وجہ سے مزید ماہر کیپر کی ضرورت کا اظہارکیا اور وکٹ کیپر کے کردار کے لیے انتخاب اب کے ایس بھرت اور غیر معروف دھرو جریل کے درمیان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ راہول اس سیریز میں وکٹ کیپر کے طور پر نہیں کھیلیں گے اور ہم سلیکشن میں ہی اس کے بارے میں واضح ہیں۔ ہم نے دو دیگر وکٹ کیپروں کا انتخاب کیا ہے اور ظاہر ہے کہ راہول نے جنوبی افریقہ میں ہمارے لیے بہت اچھا کام کیا اور واقعی ہماری مدد کرنے میں بڑا کردار اداکیا۔ لیکن پانچ ٹسٹ میچوں پر غورکرنے اور ان حالات میں کھیلنے کے بعد انتخاب ہمارے پاس موجود دو دوسرے کیپرزکے درمیان ہوگا۔ پانچ ٹسٹ میچوں میں بیٹ سے اہم شراکت نہ کرنے کے باوجود، ہندوستان میں فرسٹ کلاس گیمز میں بطور وکٹ کیپر بھرت کا وسیع تجربہ اور احمد آباد میں انڈیا اے کے لیے پہلے چار روزہ میچ میں انگلینڈ لائنز کے خلاف ناقابل شکست 116 رنزکے ساتھ، حیدرآباد ٹسٹ میں وکٹ کیپر کے کردار کے مضبوط دعویدار کے طور پر ابھرے ہیں۔ بھرت نے 2023 میں آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کے ساتھ ساتھ جون میں ورلڈ ٹسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں ہندوستان کے وکٹ کیپرکے طور پر خدمات انجام دیں ہیں۔