نئی دہلی۔31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)کرکٹ اور بالی ووڈ کا کافی پرانا رشتہ ہے۔ ان دنوں کرکٹر کے ایل راہول اور اداکارہ اتھیا شیٹی اسی رشتہ کو آگے بڑھا تے دیکھائی دے رہے ہیں۔ ان دونوں کے درمیان نزدیکیوں کی خبریں تو اکثر سرخیوں میں رہتی ہیں ، لیکن اتھیا اور راہول دونوں نے اس معاملہ پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔راہول نے انسٹاگرام پر اپنی اور اتھیا کے ساتھ ایک تصویر شائع کی ہے۔ تصویر پوسٹ کرتے ہی وائرل ہوگئی۔ اتنا ہی نہیں ، اتھیا اور کے ایل راہول کی اس تصویر پر خود اتھیا کے والد اور مشہور اداکار سنیل شیٹی نے بھی تبصرہ کیا ہے۔ راہول نے اپنے انسٹاگرام اکاونٹ پر جو تصویر شائع کی ہے ، جس میں وہ اتھیا شیٹی کے ساتھ ایک فون بوتھ میں نظر آرہے ہیں۔ اپنی اس تصویر پر راہول نے مزیدار کیپشن بھی دیا ہے۔ راہل نے لکھا ، ہیلو … دیوی پرساد۔ یاد رہے کہ یہ مشہور مکالمہ اتھیا شیٹی کے والد سنیل شیٹی کی سوپر ہٹ فلم ہیرا پھیری کا ہے۔ ایسے میں اتھیا کے والد اور ان کے بھائی نے بھی اس تبصرہ کیا۔ سنیل شیٹی نے بیٹی اور راہول کی اس تصویر پر ہنسی کے کئی ایموجیز بنائے ہیں وہیں اتھیا کے بھائی اہان شیٹی نے بھی اس تصویر پر تبصرہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں کرکٹر شیکھر دھون اور اداکار ارجن کپور نے بھی اس تصویر پر اپنے ہی انداز میں تبصرہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ اتھیا شیٹی نے سلمان خان کے پروڈکشن میں بنی فلم ہیرو سے بالی ووڈ میں اپنا قدم رکھا ۔ اس فلم میں ان کے ساتھ آدتیہ پنچولی کے بیٹے سورج پنچولی اہم کردار میں نظر آئے تھے۔ ہیرو فلم کے بعد اتھیا شیٹی مبارکاں میں بھی نظر آئی ۔ حال ہی میں وہ فلم موتی چور چکناچور میں نواز الدین صدیقی کے ساتھ نظر آچکی ہیں۔