کرناٹک کے بعد تلنگانہ پارٹی کا اگلا نشانہ، اختلافات کی یکسوئی اور انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش
حیدرآباد۔/8 جون، ( سیاست نیوز) کرناٹک میں کانگریس کی کامیابی کے بعد کانگریس ہائی کمان نے اپنی ساری توجہ تلنگانہ پر مرکوز کردی ہے۔ پرینکا گاندھی اور راہول گاندھی کے زیادہ سے زیادہ پروگرامس تلنگانہ میں کرانے کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے۔ اسی تناظر میں دونوں بھائی ، بہن کیلئے میں ایک مستقل رہائش گاہ کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ بی آر ایس، بی جے پی کے علاوہ دوسری سیاسی جماعتوں کے بیشتر قائدین کانگریس سے رابطہ بنائے ہوئے ہیں۔ مختلف سروے کے نتائج کانگریس کیلئے حوصلہ افزاء ثابت ہورہے ہیں جس کے بعد کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ میں اقتدار حاصل کرنے کا نشانہ مختص کرتے ہوئے کام کا آغاز کردیا ہے۔ اسی حصہ کے طور پر راہول اور پرینکا کے دورہ تلنگانہ کے موقع پر انہیں ہوٹلوں میں ٹہرانے سے گریز کیا جارہا ہے۔ یہ بھی کانگریس کی حکمت عملی کی کڑی ہے کیونکہ ہوٹلس میں سی سی کیمرے ہوتے ہیں اور ان سے ملاقات کرنے والوں کی فلمبندی ہوتی ہے۔ سیاست میں چند کام دکھانے کیلئے کئے جاتے ہیں اور چند کام خفیہ و راز میں کئے جاتے ہیں۔ مختلف جماعتوں کے بیشتر قائدین کانگریس سے رابطہ میں ہیں اگر وہ یا ان کے نمائندے پرینکا گاندھی اور راہول گاندھی سے خفیہ طور پر ملاقات کرنا چاہتے ہیں تو ان کیلئے ہوٹلس سے محفوظ جگہ قیامگاہ تصور کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ بی آر ایس حکومت سے ناراض یا کارکردگی سے مطمئن نہ ہونے والی مختلف رضاکارانہ، طلبہ ، خواتین اور سماجی تنظیموں کے نمائندے کانگریس سے رابطہ میں ہیں۔ علحدہ رہائش گاہ ہونے پر ملاقات کرنے اور مستقبل کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے تیار ہے۔ انتخابات سے قبل کرناٹک میں کانگریس کیلئے تلنگانہ جیسی صورتحال تھی تاہم کرناٹک میں انتخابی ذمہ داری قبول کرنے والی پرینکا گاندھی نے سب سے پہلے پارٹی کے اہم قائدین میں اتحاد قائم کیا اور گروپ بندیوں پر قابو پاتے ہوئے عوام میں مثبت پیغام روانہ کیا۔ اس کے علاوہ پرینکا گاندھی نے کرناٹک میں انعقاد کردہ 17 روڈ شو میں حصہ لیا اور 13 بڑے جلسہ عام سے خطاب کیا۔ تلنگانہ کانگریس کمیٹی کی جانب سے بھی راہول اور پرینکا گاندھی کیلئے خصوصی منصوبہ بندی تیار کی جارہی ہے۔ بڑے بڑے روڈ شو، جلسہ عام منعقد کرنے کے علاوہ سماج کے مختلف طبقات ایس سی، ایس ٹی، بی سی، اقلیتوں، نوجوانوں، طلبہ ، خواتین اور مزدوروں سے ملاقات کا علحدہ علحدہ پروگرام تیار کیا جارہا ہے۔ تلنگانہ کے علاوہ دیگر چار ریاسوں پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے کانگریس ہائی کمان نے آئندہ سال منعقد ہونے والے پارلیمانی انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ن