ورنگل ، کریم نگر اور نظام آباد میں تین دن تک دورہ، عوام سے ملاقات اور عام جلسوں سے خطاب
حیدرآباد۔/17 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی انتخابات کیلئے کانگریس کی مہم کا کل 18 اکٹوبر کو بس یاترا کے ذریعہ آغاز ہوگا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کے مطابق پہلے مرحلہ میں تین روزہ بس یاترا کے پروگرام کو قطعیت دی گئی ہے جس کا چہارشنبہ کو شام 7 بجے ملگ کے مشہور رامپا مندر میں درشن کے ساتھ ہوگا۔ اے آئی سی سی قائدین راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی مندر کے درشن کے ذریعہ کانگریس کے 6 تیقنات پر عمل آوری کے حق میں خصوصی پوجا کریں گے۔ درشن کے بعد بس یاترا کا آغاز ہوگا اور بھوپال پلی اسمبلی حلقہ میں خواتین کا جلسہ عام منعقد ہوگا۔ راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی اطراف کے اسمبلی حلقہ جات سے تعلق رکھنے والی خواتین سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل کی سماعت کریں گے۔ کانگریس کی جانب سے خواتین کے حق میں جاری کردہ ڈیکلریشن کی تفصیلات پیش کی جائیں گی۔ خواتین سے راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی خطاب کریں گے۔ دوسرے دن 19 اکٹوبر کو پدا پلی اسمبلی حلقہ سے بس یاترا کا آغاز ہوگا۔ کانگریس قائدین رائس ملرس اسوسی ایشن کے نمائندوں اور کسانوں سے ملاقات کریں گے۔ کریم نگر ضلع کے اسمبلی حلقہ جات کا احاطہ کرتے ہوئے جگہ جگہ عوام سے خطاب کریں گے اور شام میں جلسہ عام ہوگا۔ 20 اکٹوبر کو نظام آباد ضلع کے مختلف اسمبلی حلقہ جات بودھن، آرمور اور نظام آباد ( اربن ) کا احاطہ کیا جائے گا۔ مختلف علاقوں میں پدیاترا کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی جائے گی۔ آرمور میں ہلدی کے کسانوں اور شکر کے کاشتکاروں سے ملاقات کی جائے گی۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں تین روزہ بس یاترا کا منصوبہ بنایا گیا ہے جبکہ دسہرہ کی تعطیلات کے بعد دوسرے مرحلہ کی بس یاترا شروع کی جائے گی اور یہ سلسلہ انتخابات تک جاری رہے گا۔ انتخابی مہم میں صدر کانگریس ملکارجن کھرگے، سابق صدر سونیا گاندھی کے علاوہ کانگریس زیر اقتدار ریاستوں کے چیف منسٹرس شرکت کریں گے۔چاروں اضلاع محبوب آباد ، ورنگل، کریم نگر اور نظام آباد میں بس یاترا کی تیاریاں جاری ہیں اور سینئر قائدین کو بس یاترا میں شامل کرتے ہوئے پارٹی میں اتحاد کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ کانگریس ہائی کمان نے کرناٹک کی طرز پر پارٹی میں اتحاد کا مظاہرہ کرنے کیلئے بس یاترا کی تجویز پیش کی تھی جس کے مطابق تمام سینئر قائدین تین دن تک یاترا میں شریک ہوں گے۔