نئی دہلی ۔ ہندوستانی ٹیم نے ٹی20 ورلڈ کپ جیت لیا ہے لیکن ٹیم اب بھی مسلسل ایکشن میں ہے۔ نوجوان ٹیم شبمن گل کی کپتانی میں زمبابوے کا دورہ کررہی ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کے صرف 3 ارکان اس سیریز میں موجود ہیں جو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ سے واپسی کرنے جا رہے ہیں۔ اس سیریز کے بعد ٹیم انڈیا سری لنکا کے دورے پر جائے گی، جہاں ٹی20 اور ونڈے سیریز کھیلی جائے گی۔ اس سیریز کے لیے ٹیم کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے لیکن کچھ بڑی خبریں آنا شروع ہوگئی ہیں۔ اس میں سب سے اہم خبرکپتانی کی ہے کیونکہ روہت شرما کو اس سیریز سے آرام دیا جانا یقینی ہے۔ ایسے میں مانا جا رہا ہے کہ کے ایل راہول اس دورے پر ونڈے سیریز کے کپتان ہو سکتے ہیں۔ ٹیم انڈیا کا سری لنکا دورہ جولائی کے آخر میں شروع ہوگا جو اگست کے دوسرے ہفتے تک جاری رہے گا۔ اس دورے کا آغاز27 جولائی سے3 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے ہوگا اور خیال کیا جا رہا ہے کہ زیادہ ترکھلاڑی ورلڈ کپ جیتنے کے وقفے کے بعد اس سیریز سے واپس آئیں گے۔ ٹی20 ورلڈ کپ ٹیم کے نائب کپتان ہاردک پانڈیا بھی واپسی کر سکتے ہیں اور یہاں انہیں اس فارمیٹ میں ٹیم کی کمان مل سکتی ہے۔ اس کے بعد ونڈے سیریز ہوگی اور نظریں اس پر ہوں گی کہ یہاں کپتانی کس کو ملے گی۔ پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے سبکدوش ہونے والے روہت شرما اور ویراٹ کوہلی کو بھی اس ونڈے سیریز سے آرام دیا جائے گا۔ ان کے علاوہ تجربہ کار فاسٹ بولر جسپریت بمراہ بھی اس پورے دورے سے باہر رہیں گے۔ ایسی صورتحال میں سلیکشن کمیٹی کے سامنے کپتانی کی ذمہ داری کے لیے دو اہم دعویدار ہیں ، ہاردک پانڈیا اور کے ایل راہول۔ ان دونوں میں سے صرف ایک کو ونڈے ٹیم کی کمان سنبھالنے کا موقع ملے گا۔ اب یہ اعزازکس کو ملتا ہے اس کا فیصلہ اگلے ہفتے ہوگا، جب اس دورے کے لیے ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔ کے ایل راہول نے حالیہ دنوں میں کپتانی کے محاذ پر بہتری کی ہے اور بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ایسے میں ان کو یہ ذمہ داری ملنے کا امکان ہے۔ ویسے بھی اس فارمیٹ میں کپتانی میں کوئی مستقل تبدیلی نہیں ہونے والی ہے کیونکہ بی سی سی آئی کے سکریٹری جئے شاہ نے ایک دن پہلے اعلان کیا تھا کہ ٹیم انڈیا 2025 میں ہونے والی چمپئنز ٹرافی روہت شرماکی کپتانی میں کھیلے گی لیکن اس سیریز میں جس کو بھی کپتانی ملے گی وہ چمپئنز ٹرافی میں نائب کپتانی کا دعویدار ہو سکتا ہے۔