نئی دہلی: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے چہارشنبہ کو قائد حزب اختلاف راہول گاندھی کے خلاف دیئے گئے متنازعہ بیانات پر الزام لگایا کہ یہ ایک منصوبہ بند مہم ہے جسے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی طرف سے اکسایا جا رہا ہے۔ اور کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی ہے۔پرینکا گاندھی نے ایکس پر پوسٹ کیاکہ بطور اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی عوام کی آواز بلند کررہے ہیں، ان کے خلاف زبانی اور نظریاتی تشدد بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ملک کے کروڑوں دلتوں، پسماندہ طبقات، قبائلیوں اور غریب لوگوں کی آواز اتنی بڑی ہے کہ بی جے پی نے اپوزیشن لیڈر کو اپنی دادی کی طرح قتل کرنے کی دھمکی دینا شروع کر دی ہے؟ پرینکا نے کہاکہ پرتشدد، بے حیائی اور غیر انسانی بیانات یکے بعد دیگرے ثابت کرتے ہیں کہ یہ ایک منظم منصوبہ بند مہم ہے جو ملک کی جمہوریت کیلئے انتہائی خطرناک ہے۔ اس سے بھی زیادہ خطرناک یہ بات ہیکہ آر ایس ایس کی پوری قیادت بشمول وزیر اعظم اور وزیر داخلہ اس مہم کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں اور کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے ۔