راہول کی واپسی،اشون کی شرکت غیر یقینی

   

سڈنی ۔ 2جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں ہونیوالے چوتھے ، آخری اور اہم ٹسٹ کیلئے اپنی 13 رکنی ٹیم کا اعلان کیا ہے جس میں لوکیش راہول بھی شامل ہیں۔ دراصل روہت شرما سڈنی ٹسٹ سے باہر ہیں اور ان کی جگہ ٹیم انتظامیہ نے راہول کو ایک مرتبہ پھر موقع دیا ہے۔ راہول بیحد ہی خراب فارم میں ہیں اور میلبورن ٹسٹ میں انہیں ٹیم میں شامل بھی نہیں کیا گیا تھا لیکن ایسا لگ رہا ہے کہ کپتان ویراٹ کوہلی انہیں ایک اور موقع دینے کے خواہاں ہیں۔ حیرات کرنے والی بات یہ بھی ہے کہ ٹیم نے 13 رکنی ٹیم میں روی چندرن اشون کو بھی موقع دیا ہے جبکہ وہ فٹ نہیں ہیں۔ سڈنی میں آج ان کا فٹ نیس ٹسٹ ہوا تھا جس میں وہ ناکام ہو گئے حالانکہ بی سی سی آئی اب بھی یہ کہہ رہی ہے کہ ان کے کھیلنے پر فیصلہ میچ سے ٹھیک پہلے ہوگا۔ سڈنی کرکٹ گراونڈ پر اسپنرس کو مدد مل سکتی ہے اورمعلنہ 13 رکنی ٹیم میں کلدیپ یادو بھی شامل ہیںلیکن ان کا کھیلنا مشکل ہے کیونکہ ٹیم سے روہت شرما کے طور پر ایک بیٹسمین باہر ہوا ہے اور راہول کو ٹیم میں انتخاب کا مطلب یہ ہے کہ ٹیم انتظامیہ روہت شرما کی جگہ بیٹسمین کوہی منتخب کرے گا۔سڈنی ٹسٹ سے پہلے ہندوستانی ٹیم کو ایک بڑا جھٹکا لگا ہے۔ زخمی ہونے کی وجہ سے پرتھ اور ملبورن ٹسٹ میں نہیں کھیلنے والے آف اسپنر اشون کا چوتھے اور آخری ٹسٹ میچ سے بھی کھیلنا مشکل ہے۔ جمعرات کو سڈنی کرکٹ گراونڈ میں شروع ہونے والے مقابلہ سے پہلے یہ ٹیم کیلئے بری خبر ہے ، کیونکہ سڈنی کی پچ پر اسپنرس کو کافی مدد ملتی ہے۔ تاہم انہیں سڈنی ٹسٹ کیلئے معلنہ 13 رکنی اسکواڈ میں جگہ دی گئی ہے اور ان کے کھیلنے کا فیصلہ میچ سے عین قبل کیا جائے گا۔