نئی دہلی: کانگریس نے ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا جس میں ایک بی جے پی لیڈر مبینہ طور پر راہول گاندھی کو دھمکی دے رہا ہے، کانگریس نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ اتنے سنگین معاملے پر خاموشی اختیار نہیں کرسکتے۔دہلی بی جے پی کے سکھ سیل کے ارکان نے لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کے خلاف ان کی رہائش گاہ 10 جن پتھ کے قریب احتجاج کیا اور سکھ برادری کے بارے میں امریکہ میں کئے گئے ان کے ریمارکس پر ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ نعرے لگاتے ہوئے اور پلے کارڈ اٹھائے ہوئے مظاہرین نے، بشمول خواتین، وگیان بھون سے کانگریس لیڈر کی رہائش گاہ کی طرف بڑھنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے انہیں روک دیا۔دہلی بی جے پی لیڈر اور سابق ایم ایل اے ترویندر سنگھ مارواہ نے احتجاج کے دوران کہاکہ راہول گاندھی رکو، ورنہ مستقبل میں تمہارا بھی وہی حشر ہوگا جو تمہاری دادی کا ہوا۔ کانگریس نے کہا یہ بی جے پی لیڈر ملک کے اپوزیشن لیڈر کو قتل کرنے کی کھلے عام دھمکی دے رہا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی آپ اپنی پارٹی کے اس لیڈر کی دھمکی پر خاموش نہیں رہ سکتے۔یہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے۔ یہ آپ کی پارٹی کی نفرت کی فیکٹری کی پیداوار ہے، اس پر ایکشن لینا ہوگا۔