نئی دہلی۔ 4 مارچ (یو این آئی) کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے بدھ کو رنگوں کا تہوار ہولی کانگریس ہیڈ کوارٹر 24 اکبر روڈ پر پارٹی کارکنوں اور پارٹی لیڈروں کے ساتھ جوش و خروش کے ساتھ منایا۔ اس دوران انہوں نے موجود کارکنوں کو رنگ و گلال لگایا، مٹھائی کھلائی اور سب کو تہوار کی مبارکباد دی۔ راہول گاندھی نے کہاکہ رنگوں اور محبت کے تہوار ہولی کی آپ سب کو دلی مبارکباد۔ ہولی کے رنگ آپ سب کی زندگی کو نئی امیدوں، نئی امنگوں اور ان گنت خوشیوں سے بھر دیں۔ وہیں، کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے سوشل میڈیا ایکس کے ذریعے اہل وطن کو ہولی کی مبارکباد دی۔ انہوں نے لکھا کہ ہولی ایک ایسا تہوار ہے جو ہمارے رنگا رنگ ، کثیر الثقافتی معاشرے کے جذبے کا اظہار کرتا ہے ۔ یہ تنوع میں اتحاد ، باہمی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی روایت کا جشن ہے جو صدیوں سے ہماری تہذیب کی پہچان رہا ہے ۔ اس خوشی کے موقع پر آپ سب کو ہولی کی بہت بہت مبارکباد ۔ آپ کی زندگی ہمیشہ خوشی کے رنگوں سے بھری رہے ۔ کانگریس جنرل سکریٹری اور رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے بھی ہولی کے موقع پر اہل وطن کو مبارکباد دی۔
انہوں نے کہ کہ “امنگ، جوش، مسرت، مٹھاس اور بھائی چارے کے مختلف رنگوں سے بھرپور میل جول کے عظیم تہوار ہولی کی دلی مبارکباد۔ ہولی اپنے خاندان، دوستوں اور معاشرے کے ساتھ ساتھ سب کو محبت سے گلے لگانے کا عظیم تہوار ہے ۔ سب کو گلے لگائیے اور سب کے ساتھ خوشیاں بانٹئے ۔ تمام اہل وطن کو ہولی کی مبارکباد۔
ایل او سی پر فوجیوں نے بھی جوش و خروش سے ہولی منائی
سری نگر۔4 مارچ (یو این آئی) جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں رنگوں کا تہوار ہولی عقیدت، احترام اور روایتی میل جول کے ماحول میں منایا گیا۔ کشمیر سے لے کر جموں تک مختلف مندروں، سرکاری اداروں، رہائشی بستیوں اور تعلیمی اداروں میں تہوار کے خصوصی پروگرام منعقد ہوئے ، جن میں لوگوں نے مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے جذبے کے ساتھ شرکت کی۔ دوسری جانب لائن آف کنٹرول پر تعینات فوجی اہلکاروں نے بھی وطن سے دور اپنی ڈیوٹی کے دوران ہولی کا تہوار پورے جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔ مختلف فوجی چوکیوں پر اہلکاروں نے ایک دوسرے کو رنگ لگا کر تہوار کی خوشی بانٹی، جس سے وہاں بھی ایک خوشگوار ماحول دیکھنے کو ملا۔ فوجی اہلکاروں نے کہا کہ اگرچہ وہ اپنے گھروں سے دور ہیں، مگر ملک کی خدمت کے جذبے کے ساتھ تہوار منانا ان کے لیے فخر کی بات ہے ۔ انہوں نے شہریوں کو امن، بھائی چارے اور ملی یکجہتی کے فروغ کا پیغام بھی دیا۔