راہگیروں سے سیل فونس کا سرقہ کرنے والے رہزن گرفتار

   

حیدرآباد ۔ 4 جون (سیاست نیوز) راہگیروں سے سیل فونس کی رہزنی کرنے والے دو رہزنوں کو نارتھ زون ٹاسک فورس پولیس نے گرفتار کرلیا۔ ٹاسک فورس پولیس کے مطابق 20 سالہ راجیش اور 25 سالہ ویشال کامبلے ساکنان بیگم پیٹ کو پولیس نے گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے ایک ہونڈا ایکٹیوا گاڑی اور 6 سیل فون ضبط کرلئے۔ پولیس نے ان دو رہزنوں کی گرفتاری سے تین مقدمات کی یکسوئی کرلی۔ جی آر پی نامپلی سے متعلق دو مقدمات اور بوئن پلی پولیس اسٹیشن سے متعلق ایک مقدمہ کو حل کرلیا گیا۔ بیگم پیٹ علاقہ کے ساکنان دونوں رہزن روزانہ مزدوری کیا کرتے ہیں اور آسان انداز سے پیسے کمانے کی خاطر ان دونوں نے راہگیروں کو نشانہ بنانا شروع کیا۔ کیووے ریلوے اسٹیشن کے قریب انہوں نے اپنا ٹھکانہ بنالیا تھا۔ جیسے ٹرین اسٹیشن سے روانگی کے وقت آہستہ آہستہ چلنے لگتی ہے یہ رہزن فٹ بورڈ پر بیٹھے ہوئے مسافرین کے ہاتھ پر لکڑی سے وار کیا کرتے ہیں اور جیسے ہی فون پلاٹ فام پر گر جاتا یہ رہزن فون لیکر فرار اختیار کرتے ہیں۔ شکایت کے بعد ٹاسک فورس پولیس نے بوئن پلی پولیس کی مدد سے پہلے ہی سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کی تحقیقات کے بعد ان رہزنوں کو گرفتار کرلیا۔ع