چنئی، 19 اگست (ایجنسیز) جنوبی ہند کی فلمی صنعت میں اس وقت جوش و خروش عروج پر ہے، جہاں کمل ہاسن اور سوپر اسٹار رجنی کانت کی اداکاری سے مزین انتہائی متوقع فلم دھرمن کے حوالے سے نئی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ اشوتھ ماریموتھو کی ہدایت کاری میں بننے والی اس ایکشن تھرلر فلم کی تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ٹالی ووڈ اسٹار رام پوتھینینی کو فلم میں مرکزی مخالف کردار یعنی ویلن کے طور پر شامل کرنے کے لیے بات چیت جاری ہے۔اگر یہ اطلاعات درست ثابت ہوتی ہیں تو رام پوتھینینی نہ صرف ایک طاقتور ویلن کا کردار ادا کریں گے بلکہ پردہ سیمیں پر رجنی کانت کے داماد کا کردار بھی نبھائیں گے۔ رجنی کانت کے مقابل ایک اہم اور سنجیدہ کردار میں نظر آنا رام پوتھینینی کے لیے ایک دلچسپ تبدیلی ہوگی۔ وہ تلگو سنیما میں اپنی پْرجوش اداکاری اور ہیروکے کرداروں کے لیے معروف ہیں۔ نوجوان اداکارکو رجنی کانت کے ساتھ آمنے سامنے دیکھنے کی توقع نے پہلے ہی سوشل میڈیا پر زبردست جوش پیدا کردیا ہے۔رام پوتھینینی کی ممکنہ شمولیت کے علاوہ فلم کی دیگر کاسٹنگ سے متعلق افواہوں نے بھی تجسس بڑھا دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اداکارہ راشی کھنہ کو رام پوتھینینی کے کردار کی اہلیہ کے لیے زیر غور لایا جا رہا ہے، جس سے وہ فلم میں اس انتہائی اہم خاندانی پس منظر کا حصہ بنیں گی۔ دوسری جانب سینئر اداکارہ سمرن کے رام کے کردار کی ساس کا کردار ادا کرنے کی بھی افواہیں ہیں، جس سے فلم کی کہانی میں مزید گہرائی اور ڈرامائی اثر پیدا ہونے کی توقع ہے۔فلم دھرمن کی پروڈکشن ٹیم اس وقت پوری رفتارکے ساتھ کام کر رہی ہے اور چنئی میں فلم کی دوسری اہم شوٹنگ شیڈول جاری ہے۔ ہدایت کار اشوتھ ماریموتھو اس اسٹار اسٹڈیڈ فلم کو شائقین کی توقعات پر پورا اتارنے کے لیے بھرپور محنت کر رہے ہیں۔ مرکزی کردار میں رجنی کانت جیسے لیجنڈ اداکار اور پروڈیوسرکے طور پر کمل ہاسن کی موجودگی نے فلم کی اہمیت مزید بڑھا دی ہے۔