حیدرآباد ۔10 اگست (ایجنسیز) ایک طرف رجنی کانت کی فلم قلی ہے تو دوسری طرف ریتک روشن کی اور این ٹی آر کی فلم وار2 ہے۔14 اگست کو یہ سوپر اسٹارز تھیٹرز میں ٹکرانے والے ہیں۔ رجنی کانت کی فلم نے ابتدائی دوڑ میں بازی مار لی ہے۔ پہلی رپورٹ ریتک روشن کے لیے بڑا دھکا ثابت ہو سکتی ہے۔ قلی کیلئے مثبت اشارہ ملے گا۔تفصیلات کے بموجب قلی نے ریلیز سے 4 دن پہلے ہی اپنے بجٹ کا 66 فیصد حصہ وصول کرلیا ہے۔ حال ہی میں فری پریس جرنل میں ایک رپورٹ شائع ہوئی جو بتاتی ہے کہ رجنی کانت کی قلی بین الاقوامی، ڈیجیٹل، میوزک اور سیٹلائٹ رائٹس سے 250 کروڑ روپے کما چکی ہے۔ فلم کا کل بجٹ 375 کروڑ روپے ہے۔ اس کے علاوہ فلم نے بیرون ملک ایڈوانس بکنگ سے عالمی باکس آفس پر30کروڑ روپے کمائے ہیں۔ فلم قلی کو تمام زبانوں کے علاوہ بین الاقوامی، ڈیجیٹل اور میوزک رائٹس سے اچھی کمائی ہوئی ہے۔ رجنی کانت کی فلم قلی کے بین الاقوامی حقوق 68 کروڑ میں فروخت ہوئے۔ جبکہ بیرون ملک ایڈوانس بکنگ سے 30 کروڑ روپے کمائے گئے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ تامل فلم تھیلاپتی وجے کی لیوکے بعد بین الاقوامی مارکیٹ میں سب سے بڑی اوپننگ کر سکتی ہے۔ جس نے اوورسیز باکس آفس پر پہلے دن66کروڑ روپے کا بزنس کیا۔ ہندوستان میں بھی اس فلم کا کافی چرچا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کیرالہ اورکرناٹک میں فلم کے شوز صبح 6 بجے شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔تمل ناڈو میں ریاستی حکومت کے راج کی وجہ سے پہلا شو صبح 9 بجے مقرر کیا گیا ہے۔وار2 کا بجٹ 400 کروڑ روپے بتایا جاتا ہے اور اگر وہ بجٹ کا حصول ابتدائی دنوں میں نہیں کرپائی تو ریتک کیلئے مشکل ہوگی۔