رشتوں کے انتخاب میں جھوٹ سے اجتناب کا مشورہ

   

سیاست و ملت فنڈ سے رشتوں کا دو بہ دو پروگرام، سینکڑوں والدین و سرپرستوں کی شرکت، مختلف شخصیتوں کا خطاب

حیدرآباد 16 نومبر (سیاست نیوز) سیاست اور ملت فنڈ کے زیراہتمام مسلم لڑکوں اورلڑکیوں کے رشتوں کے لئے والدین اور سرپرستوں کا 146 واں دو بہ دو ملاقات پروگرام ریڈ روز فنکشن ہال نامپلی میںمنعقد ہوا جس میں والدین اور سرپرستوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔ پروگرام کا 5 بجے شام اختتام عمل میں آیا جس میں سرکاری، خانگی دفاتر، کمپنیوں میں کام کرنے والے لڑکوں کے علاوہ ہائی ٹیک سٹی اور سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مغربی ممالک میں کام کرنے والے لڑکوں کے والدین نے بائیو ڈاٹا، رجسٹریشن کروایا اور اُنھوں نے ایک دوسرے سے بات چیت کی۔ والدین نے اس موقع پر جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست اور جناب عامر علی خاں سے بھی اظہار تشکر کیا۔ جناب الیاس باشاہ نے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے والدین پر زور دیا کہ جب اپنے لڑکوں اور لڑکیوں کے رشتہ کا ارادہ کرلیں تو رب سے دعائیں مانگ کر رشتے کو طے کیا جانا چاہئے۔ بناء تحقیق کہ رشتہ طے کیا جائے تو آگے چل کر بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انھوں نے کہاکہ رشتہ طے کرنے سے لے کر شادی کے ہونے اور اُس کے بعد بھی سچ بات اپنی زبان سے کہی جائے، جھوٹ سے اجتناب کریں، جھوٹ زندگی میں دراڑ پیدا کرنے کے علاوہ اللہ کی رحمت و عنایات سے دور کرتی ہے۔ زندگی کے ہر معاملات میں اللہ کو حاضر و ناظر رکھنا چاہئے۔ انھوں نے کہاکہ نکاح ایجاب و قبول کا نام جو سنت نبویؐ ہے۔ اس حسین اور آسان سنت کے درپردہ مسلمانوں نے ایسی ایسی خرافات کو جنم دیا جس سے ہمارا کوئی وزن باقی نہ رہا۔ جناب محمد احمد نے کہاکہ شادی کے نام پر غیروں کی رسومات کو اپناکر مسلمانوں نے اسے اسلامی طور و طریق کا نام دیا ہے۔ انھوں نے دو بہ دو ملاقات پروگرام کی سراہنا کی کہ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست، جناب ظہیرالدین علی خاں مرحوم اور جناب عامر علی خاں اور جناب اصغر علی خان اور جناب فخر علی خان کی دلچسپی اور اُن کی مساعی کی بناء یہ 146 ویں منزل پر قدم رکھ چکا ہے جس میں بڑے ہی سادگی کے ساتھ نکاح کو انجام دینے کی ازل سے کوشش کی گئی کہ شادیوں سے بے جا رسومات، شور شرابہ، ناچ گانا ہرگز نہ ہوپائے۔ اللہ کا فضل ہوا کہ سیاست کے دو بہ دو پروگرام کے ذریعہ مسلمانوں میں شعور بیدار ہوا۔ انھوں نے کہاکہ آج بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر کئی ہزار لڑکیاں لین دین و جہیز کی مانگ کو پورا نہیں کرسکتے اس لئے ہمیں دوسروں کے لئے نمونہ بننا ہے۔ آج کے پروگرام میں مختلف کاؤنٹرس لگائے گئے تھے وہاں والدین پہونچ کر اپنے لڑکا اور لڑکی کے رشتے دیکھنے لگے۔ جن میں میڈیسن، انجینئرنگ، گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ، ایم بی اے، ایم سی اے، انٹرمیڈیٹ، ایس ایس سی، عالم و فاضل اور عقدثانی کے علاوہ ایسے لڑکے و لڑکیاں جن کی عمر تجاوز کرچکی ہے ان کے لئے بھی رشتہ ڈھونڈے گئے۔ جو والدین پہلی بار اپنے لڑکے اور لڑکی کا بائیو ڈاٹا رجسٹریشن کروائے ہیں انھوں نے 1000/- روپئے معہ فوٹو اور بائیو ڈاٹاس دے کر رجسٹریشن کروایا۔ اس دو بہ دو ملاقات پروگرام میں مختلف کاؤنٹرس پر کونسلرس کو متعین کیا گیا تھا جنھوں نے والدین اور سرپرستوں کی مکمل رہبری و رہنمائی کی جو والدین آن لائن رجسٹریشن کروانے کے خواہاں تھے اُن کے لئے اس پروگرام میں آن لائن رجسٹریشن کی سہولت رکھی گئی۔ اس پروگرام کی یہ خاص بات تھی کہ انجینئرنگ کاؤنٹر کے ذریعہ صرف لڑکوں کے بائیو ڈاٹا اور فوٹوز پروجیکٹر کی مدد سے اسکرین پر پیش کئے ۔ اس کاؤنٹر پر ملک اور بیرون ممالک کی کمپنیوں میں اچھے سے اچھے عہدوں پر کام کرنے والے جن کی ماہانہ یافت کافی اچھی ہے انھوں نے پروجیکٹر کی مدد سے فوٹوز اور بائیو ڈاٹا کا مشاہدہ کیا۔ اس کاؤنٹر پر ایسے لڑکوں کے نام بھی پکارے گئے جو شادی میں کسی قسم کا لین دین لینا اور رسومات کرنا نہیں چاہ رہے ہیں۔ ملک اور بیرون ممالک کی مشہور کمپنیوں میں کام کرنے والے لڑکے جن کی ماہانہ تنخواہ بھاری سے بھاری ہے والدین نے فوٹوز اور بائیو ڈاٹا دیکھنے کے بعد ایک دوسرے سے گفتگو کی۔ انجینئرنگ کاؤنٹر پر زیادہ اُن والدین کی تعداد دیکھی گئی جن کے لڑکے سعودی عرب، دوحہ، قطر، دوبئی، ابوظہبی، کینیڈا، امریکہ اور یوروپی ممالک میں برسر کار ہیں۔ پروگرام میں آن لائن رجسٹریشن کی سہولت رکھی گئی۔ پروگرام کے آغاز سے لے کر اس کے اختتام تک نشر کی سہولت راست یو ٹیوب پر مہیا کی گئی۔ پروگرام میں جناب اصغر علی خان اور جناب فخر علی خان سے والدین نے ملاقات کی۔ اس پروگرام میں مختلف کاؤنٹرس پر محترمہ عائشہ، یاسمین، مریم، سمیہ، اشرفی، لطیف النساء، لطیف النساء اسد، تسکین، تسلیم، رئیسہ، کوثر جہاں، محمدی، آمنہ، ثانیہ اور شمیم اور دوسروں نے والدین کو بائیو ڈاٹا سے واقف کرواتے ہوئے رہبری و رہنمائی کی۔ اس کے علاوہ جناب اسلم حسین (سیاست ڈاٹ کام)، شیخ نظام الدین لئیق، محمد احمد اور دوسروں نے بھی رہنمائی کی۔ جناب خالد محی الدین اسد کوآرڈی نیٹر پروگرام نے مالکین روڈ روز فنکشن ہال اور دیگر سے اظہار تشکر کیا۔