رشمیکا اور وجے کی شادی تلگو روایات کا امتزاج

   

ممبئی ، 28 فبروری (ایجنسیز) تلگو فلم انڈسٹری کے معروف ستاروں رشمیکا مندانا اور وجے دیوراکونڈا رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے ہیں۔ دونوں اسٹارز نے ادے پور کے پرتعیش ہوٹل میں ایک نجی مگر باوقار تقریب کے دوران تلگو روایات کے مطابق شادی کی۔ اس جوڑے نے دونوں خاندانوں کی ثقافتی روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے شادی کی تقریبات کو دو مختلف انداز میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔ پہلی تقریب صبح 10 بج کر 10 منٹ پر وجے دیوراکونڈا کے خاندانی رسم و رواج کے مطابق تلگو انداز میں انجام دی گئی۔ دوسری تقریب شام میں منعقد ہوئی، جس میں دلہن رشمیکا کے خاندان کی کوورگ (کوڈاوا) روایات کے تحت رسومات ادا کی گئیں۔ اس طرح یہ شادی دونوں خاندانوں کی ثقافت اور روایات کا خوبصورت امتزاج بن گئی ہے۔ اس جوڑے کی پری ویڈنگ تقریبات گزشتہ تین روز سے جاری تھیں، جن میں دلچسپ سرگرمی کے طور پر دونوں خاندانوں کے درمیان دوستانہ کرکٹ میچ بھی کھیلا گیا، جسے ’ویروش پریمیر لیگ‘ کا نام دیا گیا۔ اسی مناسبت سے اس شادی کو ’ویروش ویڈنگ‘ بھی کہا جا رہا ہے، جو وجے اور رشمیکا کے ناموں کا امتزاج ہے۔ شادی کی تقریب کو محدود اور نجی رکھا گیا، جس میں تقریباً 100 مہمانوں کو مدعو کیا گیا، جن میں قریبی عزیز، دوست احباب اور فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی شخصیات شامل ہیں۔ یہ تقریب سادگی، روایت اور شاندار انتظامات کے باعث مداحوں اور میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئی۔