ملزمین میں ٹاون پلاننگ سوپروائزر، سب انسپکٹر پولیس، کانسٹبل اور درمیانی افراد شامل
حیدرآباد /18 اپریل ( سیاست نیوز ) اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے بھدراچلم اور کتہ گڈم میں دو علحدہ کارروائیوں میں رشوت خور عہدیداروں کو گرفتار کرلیا۔ ایک ٹاون پلاننگ سوپرائزر کے علاوہ ایک سب انسپکٹر آف پولیس اور پولیس کانسٹبل کے ساتھ 2 درمیانی افراد کو بھی گرفتار کرلیا ۔ بھدراچلم پولیس اسٹیشن سے وابستہ سب انسپکٹر آف پولیس ایم سرینواس ، پولیس کانسٹبل ایس شنکر کے علاوہ خانگی کیمرہ مین ٹیکنیشن نوین کمار کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 20 ہزار روپئے نقد رقم کو ضبط کرلیا ۔ اے سی بی ذرائع کے مطابق فوجداری مقدمہ سے بچانے کیلئے اقدامات کئے گئے اور 20 ہزار روپئے رشوت طلب کی گئی ۔ خاطی افراد کی گاڑی کو چھوڑ دیا گیا اور موبائل فون بھی حوالے کردیا گیا تھا ۔ اے سی بی عہدیداروں نے شکایت پر کارروائی کی اور جال بچھاکر انہیں بے نقاب کیا ۔ خانگی کیمرہ ٹکنیشن نوین پولیس کے مبینہ معاملہ درمیان انجام دیا کرتا تھا ۔ دوسری کارروائی میں اے سی بی نے بھدرادی کتہ گوڑم ضلع کے پاپونچہ میونسپلٹی میں کارروائی کرتے ہوئے ٹاون پلاننگ سوپروائزر وینکٹا رمانی اور پرنتا کمار واٹر سپلائی میں آوٹ سورسنگ ملازم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا ۔ اے سی بی نے ان عہدیداروں کے قبضہ سے 15ہزار روپئے رشوت کی رقم کو ضبط کرلیا۔ ایک شکایت گذار سے سرکاری کام کی عمل آوری کیلئے رمانی نے رشوت کا مطالبہ کیا اور آوٹ سورسنگ ملازم کے ذریعہ رقم کو حاصل کرلیا تھا ۔ اے سی بی نے دونوں مقدمات میں گرفتار عہدیداروں اور دیگر کو اے سی بی کی خصوصی عدالت ورنگل میں پیش کردیا ۔ ع