غزہ، 17اکتوبر (یو این آئی) اسرائیلی افواج نے تاحال رفح بارڈر نہیں کھولا، بارڈر بند ہونے کے باعث امدادی ٹرکوں پر لدی کئی سو ٹن امداد آج بھی غزہ نہیں پہنچ سکیں۔ رفح بارڈر کھولنے کی اجازت نہ دینے کے باعث مصر کی سرحد پر امدادی ٹرکوں کی طویل قطار لگ گئی ہیں۔ امدادی تنظیموں اور اقوام متحدہ نے رفح بارڈر فوری کھولنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ انسانی بحران میں کمی لائی جا سکے ۔ ادھر سیز فائر کے باوجود اسرائیلی افواج کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے ، آج بھی 3 فلسطینیوں کو شہید کر دیا گیا۔ غزہ میں ملبے سے نعشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے اور مزید 29 فلسطینیوں کی لاشیں اسپتالوں میں منتقل کی گئی ہیں۔
دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کا کہنا ہے کہ یرغمالیوں کی لاشوں کی واپسی میں وقت لگ سکتا ہے ، کچھ لاشیں تباہ شدہ سرنگوں میں دفن ہیں۔ حماس کا کہنا ہے کہ متعدد یرغمالیوں کی لاشیں اب بھی ملبے تلے دبی ہوئی ہیں، تمام لاشوں تک پہنچنے میں وقت درکار ہے ۔ حماس کا مزید کہنا تھا کہ ملبہ ہٹانے والے آلات اسرائیلی پابندی کی وجہ سے دستیاب نہیں ہیں۔