رمضان، رب کو راضی کرنے کا مہینہ، کثرت سے توبہ و استغفار کی تلقین

   

غرباء کی مدد کرنے کا مشورہ، بچکنڈہ میں سماعت قرآن برائے خواتین، مولانا عبدالعلیم فاروقی کا خطاب

بچکنڈہ : بچکنڈہ میں سماعت قرآن برائے خواتین کا اختتام عمل میں آیا۔ تفصیلات کے بموجب یکم رمضان المبارک سے وارڈ نمبر 14 مدینہ والوں کے مکان میں ساعت قرآن کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں سینکڑوں خواتین نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ سماعت قرآن برائے خواتین کے اہتمام کی شروعات مولانا عبدالعلیم فاروقی نے کی تھی جنھوں نے 6 سال قبل سماعت قرآن کا اعلان کیا تھا۔ اس اعلان سے آج پورے حلقہ جکل میں منڈل منڈل دیہات دیہات میں ہزاروں خواتین سماعت کلام پاک کی برکت سے مستفید ہورہی ہیں۔ سماعت قرآن کے اختتام پر سینکڑوں خواتین نے شرکت کی اور مولانا عبدالعلیم فاروقی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ رمضان المبارک میں روزہ دار کی عبادت کے اجر کو بڑھادیا جاتا ہے۔ مولانا نے کہاکہ تلاوت قرآن پاک کو اس ماہ سے خاص مناسبت ہے کیوں کہ اس ماہ مبارک میں قرآن پاک نازل ہوا اس لئے قرآن پاک پڑھنا اور سننا اس مہینے کی خاص عبادت ہے۔ قرب الٰہی حاصل کرنے کے لئے اس مہینے سے خوب فائدہ اُٹھانا چاہئے اور کہاکہ اللہ تعالیٰ سے بہت مانگنے کا مہینہ ہے لہذا اس ماہ میں دعاؤں کا خاص اہتمام کرنا چاہئے۔ رمضان المبارک کے ہر دن رات میں اللہ رب العزت ہر مومن کی کوئی نہ کوئی دعا قبول فرماتے ہیں۔ مولانا عبدالعلیم فاروقی نے ملک کے حالات کے بارے میں کہاکہ پوری دنیا میں دن بہ دن حالات بگڑتے جارہے ہیں۔ اس لئے اللہ کو راضی کرنے والے اعمال کرنا چاہئے اور توبہ و استغفار کثرت سے کرنا چاہئے۔ جب اللہ ناراض ہوتا ہے تو اُمت پر زوال آجاتا ہے۔ آج ہم سے اللہ ناراض ہے، کورونا کی وجہ سے پوری دنیا پریشان ہے۔ گھبرائیں نہیں بلکہ رجوع الی اللہ ہوجائیں۔ آخر میں کہاکہ غرباء و مساکین اور بیواؤں کی مدد کریں۔ اللہ کا دیا ہوا مال اللہ کے بندوں پر خرچ کریں۔ اس موقع پر شیخ عبدالحمید مدینہ، شیخ ظہیر، شیخ نصیر کے علاوہ کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔