رمضان المبارک میں مستحق و غریب افراد کی مدد

   

گولکنڈہ میں سماجی جہد کار محترمہ خالدہ پروین اور نوجوانوں کی خدمت
حیدرآباد۔12فروری(سیاست نیوز) ماہ رمضان المبارک کے دوران دعوت افطار کے اہتمام کے ذریعہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کے اقدامات کے علاوہ اس ماہ مقدس میں مستحق و غریب افراد کی مدد کرتے ہوئے اللہ کی رضا حاصل کرنے والوں کی تعداد کا کوئی شمار نہیں کیا جاسکتا کیونکہ ماہ رمضان المبارک کے دوران ہر بندۂ مومن اپنی بساط کے مطابق کوشش کرتے ہوئے ثواب حاصل کرتا ہے لیکن اس ماہ مبارک کے دوران مسافرین ‘ اپنے گھروں سے دور رہنے والوں کے علاوہ دواخانہ میںشریک مریضوں کے رشتہ داروں کی سحر کا انتظام کرنے والے مختلف ہیں جو اس ماہ مبارک کے دوران نیکیاں لوٹنے میں مصروف ہیں۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے مختلف علاقوں میں بعض تنظیموں اور اداروں کے علاوہ نوجوانوں کی جانب سے سرکاری دواخانوں میں شریک مریضوں کے رشتہ داروں‘ ہاسٹل میں رہتے ہوئے تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ ‘ اپنے گھروں سے دور دراز شہر حیدرآباد میں مقیم نوجوان جو کام کرتے ہوئے روزہ رہتے ہیں ‘ کے علاوہ مسافرین کے لئے سحری کا انتظام کرنے والوں میں ممتاز سماجی جہد کار محترمہ خالدہ پروین ‘ نوجوانان محلہ گولکنڈہ کے علاوہ دیگر شامل ہیں جو اس سلسلہ کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ محترمہ خالدہ پروین نے سحری کے لئے کئے جانے والے انتظامات سے متعلق بتایا کہ وہ خود پکوان کرتی ہیں اور تقسیم کو یقینی بنانے میں بھی بہ نفس نفیس شامل رہتی ہیں اس کے علاوہ کئی نوجوان رضاکارانہ طور پر خدمات انجام دیتے ہیں۔ اسی طرح درگاہ حضرت شائق اللہ حسینی ؒ کے احاطہ میں موجود کھلی اراضی پر نوجوانان گولکنڈہ کی جانب سے سحر تیار کرتے ہوئے سرکاری دواخانوں کے علاوہ مختلف مقامات پر تقسیم کرنے کے انتظامات کئے جاتے ہیںتاکہ روزہ رکھنے والوں کو سحر کی سہولت حاصل ہوسکے۔ ماہ رمضان المبارک کے دوران سحر کاانتظام کرنے والے یہ افراد ملت اسلامیہ کے ان نوجوانوں کے لئے مثال ہیں جو اس ماہ مقدس کے دوران نیکیاں بٹورنے کے بجائے وقت ضائع کرتے ہیں۔3