ماسکو : روسی حکومت کی خلائی ایجنسی نے اپنے راکٹ سے امریکہ اور جاپان سمیت کئی ممالک کے جھنڈوں کو ہٹا دیا ہے لیکن ہندوستان کے جھنڈے کو برقرار رکھا ہے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی حکومت کی خلائی ایجنسی کے ڈائریکٹر نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دکھایا گیا ہے کہ اسپیس پورٹ پر روسی کارکن امریکہ اور جاپان کے پرچم خلائی راکٹ سے مٹا رہے ہیں جبکہ ہندوستان کا پرچم راکٹ پر موجود ہے۔ روسی حکومت کی خلائی ایجنسی کے ڈائریکٹر نے ٹوئٹر پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہم نے فیصلہ کیا کہ کچھ ممالک کے جھنڈوں کے بغیر، ہمارا راکٹ زیادہ خوبصورت نظر آئے گا۔ خلائی ایجنسی کی طرف سے یہ علامتی اقدام ظاہر کرتا ہے کہ روس اور ان ممالک کے درمیان تعلقات خراب ہوگئے ہیں۔ روسی افواج نے یوکرین کے مختلف شہروں کو گھیرے میں لے لیا ہے جہاں بمباری جاری ہے جس کے بعد کئی ممالک نے روس کے خلاف سخت پابندیوں کا اعلان کیا ہے جن میں امریکہ اور جاپان بھی شامل ہیں۔ان پابندیوں میں روسی تجارت کو نشانہ بنایا گیا ہے اور روس کو کھیلوں سے الگ کرنے کیلئے جارحانہ اقدامات کیے گئے ہیں۔