روس میں ہمہ منزلہ رہائشی عمارت منہدم ۔ 4 افراد ہلاک ۔ کئی زخمی

   

ماسکو 31 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) روس کے اورل پہاڑی علاقہ میں ایک 10 منزلہ رہائشی عمارت کے منہدم ہوجانے کے نتیجہ میں کم از کم 4 افراد ہلاک ہوگئے ہیں اور کئی زخمی ہوگئے ہیں۔ بچاو اور امدادی کارکنوں کی جانب سے ملبہ کی صفائی کا کام شروع کردیا گیا ہے تاکہ اس میں پھنسے ہوئے افراد کو نکالا جاسکے تاہم خراب موسم کی وجہ سے یہ سرگرمیں سست رفتار ہیں۔ روس کی بڑی تحقیقاتی ایجنسی نے کہا ہے کہ ایک مقام پر گیس کے اخراج کی وجہ سے دھماکہ ہوا تھا جس کی وجہ سے یہ عمارت منہدم ہوگئی ۔ کہا گیا ہے کہ صبح صادق سے عین قبل یہ عمارت منہدم ہوئی جب اس میں مقیم لوگ محو خواب تھے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ پانچ افراد کو شدید زخمی ہونے وکی وجہ سے دواخانہ میں شریک کردیا گیا ہے جبکہ 35 دوسرے افراد کو معمولی زخم آئے ہیں اور انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی ہے ۔ صدر روس ولادیمیر پوٹین نے حادثہ کے مقام کا دورہ کیا اور اس دواخانہ میں بھی گئے جہاں زخمیوں کو شریک کیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ تقریبا 1,400 امدادی کارکنوں کو سرگرم کردیا گیا ہے اور ملبہ میں دبے ہونے والے افراد کا پتہ چلانے کیلئے جدوجہد کی جا رہی ہے ۔ یہاں درجہ حرارت منفی 17 ڈگری ہونے سے یہ سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔