ماسکو : امریکہ کا کہنا ہے کہ روس کا جنگی جہاز ڈوبنے سے ماسکو کی جنگی صلاحیتوں پر اثر پڑے گا۔ روس کے مطابق آگ لگنے کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا، تاہم یوکرین کا دعوی ہے کہ اس نے میزائلوں سے جہاز کو نشانہ بنایا تھا۔ یوکرین پر روسی فوجی حملے کو اب پچاس دن مکمل ہو گئے ہیں تاہم حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ 15 اپریل جمعے کی علی الصبح بھی دارالحکومت کییف میں زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ اس دوران یوکرین کے بیشتر علاقوں میں فضائی حملوں سے خبردار کرنے والے سائرن بھی بجتے رہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق دارالحکومت کیف کے علاقوں میں ہونے والے تازہ بم کے یہ دھماکے بڑی اہمیت کے حامل ہیں، کیونکہ اس ماہ کے اوائل میں ہی روسی فوجیوں نے جنوب اور مشرق میں لڑائیوں کی تیاری کے لئے یہاں سے انخلاء کیا تھا۔روسی جنگی جہاز موسکوا کے بحیرہ اسود میں ڈوبنے کے بعد روسی حملوں کے تیز ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے اور بہت سے مقامی رہائشی نئے روسی حملوں سے بچنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یہی جنگی جہاز یوکرین کے خلاف بحری بیڑے کی قیادت کر رہا تھا۔