سرمایہ کاری کا منافع ہڑپنے کا الزام، ملزمین کی گرفتاری کیلئے پولیس کی ٹیمیں تعینات
حیدرآباد : /8 فبروری (سیاست نیوز) شاہ علی بنڈہ پولیس نے شہر کے بدنام زمانہ روڈی شیٹر ایوب خان اور محمد فاروق کے خلاف دھوکہ دہی اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ پولیس کے مطابق متاثرہ شخص کو 2024ء میں کاروباری شراکت داری کے لیے راغب کیا گیا اور اس نے 4 لاکھ 70 ہزار روپے کی سرمایہ کاری کی۔ الزام ہے کہ ملزمان نے منافع ہڑپ لیا اور بعد میں قرض کی ادائیگی کے بہانے سے شکایت کنندہ سے تقریباً 6 تولے سونے کے زیورات لے لئے جو بعد میں واپس نہیں کیے گئے۔ جنوری 2025 ء میں جب شکایت کنندہ نے اپنے سونے اور رقم کی وصولی کی کوشش کی تو ایوب خان نے مداخلت کی اور دھمکانے لگا ۔ پولیس سے شکایت کرنے پر سخت نتائج کی دھمکی دی۔ خوف کی وجہ سے شکایت کنندہ نے پہلے مقدمہ درج نہیں کروایا اور اب روڈی شیٹر کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی ۔ ایوب خان جو ایک بدنام زمانہ روڈی شیٹر ہے جس کے خلاف 79 مقدمات درج ہیں۔ اسے گرفتار کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں شاہ علی بنڈہ پولیس کی ایک ٹیم نے ایوب خان کے مکان پر اقدام قتل کے کیس میں دھاوا کرتے ہوئے وہاں کی تلاشی لی تھی ۔ چارمینار زون کے ڈی سی پی کرن کھارے نے واضح کیا ہے کہ چارمینار زون میں روڈی ازم ، دھمکیاں ، جبراً وصولی اور منظم جرائم کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی ہے۔ روڈی شیٹرز سے خوفزدہ یا ان کے اثرورسوخ کا غلط استعمال کرنے کی کسی بھی کوشش کو قانون کے تحت سختی سے نمٹا جائے گا۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ ایوب خان کی موجودگی اور سرگرمیوں کے بارے میں معتبر معلومات شاہ علی بنڈہ پولیس اسٹیشن کے ساتھ خفیہ طور پر شیئر کریں۔ معلومات دینے والوں کی شناخت کو مکمل طور پر پوشیدہ رکھا جائے گا۔ چارمینار زون پولیس قانون منانے والے شہریوں کی حفاظت اور خوف آزاد ماحول کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ب