روہت 200 ونڈے کھیلنے والے 15 ویں کھلاڑی

   

ہیملٹن ۔30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )ہٹمین کے نام سے مشہور روہت شرما نیوزی لینڈ کے خلاف جمعرات کو یہاں ہونے والے چوتھے ون ڈے میں اترنے کے ساتھ ہی 200 میچ پورے کرنے والے 15 ویں ہندوستانی کھلاڑی بن جائیں گے ۔ روہت نے2007 میں 23 جون کوبیلفاسٹ میں آئر لینڈ کے خلاف اپنا ون ڈے کیریئر شروع کیا تھا۔ روہت تقریبا12 سال بعد200 ونڈے پورے کرنے جا رہے ہیں۔ ونڈے کرکٹ میں تین بار ڈبل سنچری بنانے والے واحد کھلاڑی روہت نے اب تک199 میچوں میں48.14 کی اوسط اور 22 سنچریوں اور39 نصف سنچریوں کی مدد سے7799 رنز بنائے ہیں۔ ہندوستان میں اب تک200 ونڈے کھیلنے کی کامیابی سچن تندولکر (463)، راہول ڈراویڈ (344)، مہندر سنگھ دھونی (337)، محمد اظہر الدین (334)، سورو گنگولی (311)، یوراج سنگھ (304)، انیل کمبلے (271 )، ویریندر سہواگ(251)، ہربھجن سنگھ (236)، جواگل سری ناتھ (229)، سریش رینا (226)، کپِل دیو (225)، ویراٹ کوہلی(222) اور ظہیر خان (200) کو حاصل ہے ۔روہت اپنے 200 ویں ونڈے میں نیوزی لینڈ کو جیت حاصل کرنے کا کوئی موقع نہیں دینا چاہتے ہیں۔ روہت نے گزشتہ دونوں میچوں میں87 اور62 رنز بنائے ہیں اور وہ نیوزی لینڈ کی سر زمین پر اپنی پہلی سنچری بنانے کی پوری کوشش کریں گے ۔