سلطانپور، 24 نومبر (یو این آئی) اتر پردیش کے سلطان پور ضلع کی خصوصی ایم پی۔ ایم ایل اے عدالت نے آج عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ اور سینئر رہنما سنجے سنگھ کو بڑی راحت دی ہے ۔ 2021 کے پنچایت انتخابات کے دوران ضابطئہ اخلاق اور کووڈ رہنما اصولوں کی خلاف ورزی سے متعلق مقدمے میں عدالت نے منگل کو سنجے سنگھ سمیت تمام 12 زندہ ملزمین کو ثبوتوں کی کمی کی بنیاد پر بری کر دیا۔ فیصلے کے وقت رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ بھی عدالت میں موجود تھے ۔ عدالتی ذرائع کے مطابق 13 اپریل 2021 کو سنجے سنگھ پر بندھوا کلا تھانہ علاقے کے حسن پور گاؤں میں ضلع پنچایت رکن کے امیدوار سلمہ بیگم کی حمایت میں بغیر اجازت انتخابی جلسہ کرنے کا الزام تھا۔ اس معاملے میں اس وقت کے تھانہ انچارج پروین کمار یادو کی تحریری شکایت پر سنجے سنگھ سمیت کل 13 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمے کی سماعت کے دوران ایک ملزم کی موت ہو گئی تھی۔ اس کے بعد باقی 12 ملزمین کے خلاف عدالت میں سماعت جاری رہی۔