خواتین کی توہین کرنے والوں کو اہم عہدے،تلنگانہ میں خودکشی کے واقعات میں اضافہ
حیدرآباد۔/8 مارچ، ( سیاست نیوز) رکن کونسل کوشک ریڈی کو گورنمنٹ وہپ مقرر کئے جانے کے بعد گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے پھر ایک مرتبہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ گورنر نے کہاکہ تلنگانہ میں اعلیٰ ترین عہدہ پر فائز خاتون کی توہین کی جارہی ہے۔ عہدہ کا احترام نہ کرنے کے سبب عوام کو غلط پیام جارہا ہے۔ راج بھون میں یوم خواتین تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے بی آر ایس ایم ایل سی پی کوشک ریڈی کو بالواسطہ طور پر نشانہ بنایا۔ گورنر کے عہدہ کی توہین کے معاملہ میں قومی مہیلا کمیشن نے کوشک ریڈی کو طلب کیا تھا۔ گورنر نے کہا کہ اعلیٰ ترین عہدہ پر فائز خاتون کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کئے گئے۔ ایسے قائدین کو نوازا جارہا ہے، کیا اس سے عوام میں غلط پیام نہیں جائے گا۔ میں تمام مرد قائدین کی بات نہیں کررہی ہوں صرف ان کے بارے میں اشارہ ہے جنہوں نے میری توہین کی۔ گورنر نے کہا کہ تلنگانہ رانی ردرماں کی سرزمین ہے اور یہ ایک مہذب ریاست ہے، میں ویلو ناچیار کی سرزمین سے یہاں آئی ہوں۔ براہِ کرم خواتین کا احترام کیجئے اور فیس بُک، ٹوئٹر اور سوشیل میڈیا کے دیگر پلیٹ فارمس پر خواتین کے بارے میں احتیاط سے تبصرہ کریں۔ گورنر نے کہا کہ ورنگل کی پی جی طالبہ ڈاکٹر پریتی کی موت سے انہیں صدمہ پہنچا ہے۔ گورنر نے نمس پہنچ کر عیادت کی تھی۔ گورنر نے کہا کہ اس طرح کے قابل نوجوان انتہائی اقدام کیلئے مجبور کیوں ہیں۔ گورنر نے کہا کہ تلنگانہ میں خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ میں نے یوم جمہوریہ کی تقریر میں اس کا ذکر کیا تھا۔ گورنر نے کہا کہ کسی بھی معاملہ میں انہیں شخصی طور پر کوئی مفاد نہیں ہے۔ میں ریاست کے عوام سے اپیل کرتی ہوں کہ میں ریاست اور عوام کی بھلائی کیلئے جو کچھ بھی کررہی ہوں اسے بہتر نظریہ سے دیکھیں۔ر