نظام آباد :- /4 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) رکن تلنگانہ قانون ساز کونسل کلواکنٹلہ کویتا نے اپنے بیٹے آریہ کے اسکول کا دورہ کرتے ہوئے طلباء کی جانب سے تیار کردہ پروجیکٹس کا دلچسپی سے جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ طلباء نے ماحولیاتی تحفظ جیسے کئی موضوعات پر شاندار پروجیکٹس بنائے ہیں۔دختر وزیراعلیٰ کویتا نے ماحولیات، جانوروں کے تحفظ اوردیگر کئی موضوعات پر طلبا کے ذریعہ تیار کئے گئے پروجیکٹس کی تعریف کی۔ بعد ازاں رکن کونسل نے ٹوئیٹر پر اسکول کے دورہ کی تصویریں پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ اپنے چھوٹے بیٹے آریہ کے اسکول کا دورہ کیا جہاں اس نے اور اس کے ہم جماعتوں نے اپنے انفرادی پروجیکٹس پیش کئے تھے۔انہوں نے مزید لکھا کہ،والدین کے طور پر، یہ ان کے لیے یقیناً خوشی اور فخر کا لمحہ تھا جب آریہ کو اپنا پروجیکٹ پیش کرتے ہوئے سنا جس پر اس نے کام کیا تھا۔