ریاستی الیکشن کمشنر پر حکومت اور ٹی آر ایس کے اشارے پر کام کرنے کا الزام

   

شیڈول کی اجرائی سے قبل ٹی آر ایس کو اطلاع، کانگریس رکن اسمبلی جگاریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 25 ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگاریڈی نے اسٹیٹ الیکشن کمشنر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ برسر اقتدار پارٹی کی سہولت اور فائدے کے لحاظ سے بلدی انتخابات کا شیڈول جاری کیا گیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگاریڈی نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر الیکشن کمشنر ناگی ریڈی جیسے عہدیداروں کو سنگین نتائج بھگتنے ہوں گے۔ جگاریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی کئی قائدین کے لیے ماں کا درجہ رکھتی ہے۔ ملک میں کئی قائدین ایسے ہیں جو کانگریس سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کرتے ہوئے ترقی کی جن میں سے ایک کے سی آر ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمشنر ناگی ریڈی ٹی آر ایس کارکن کی طرح کام کررہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ رائے دہندوں کی فہرست جاری کئے بغیر بلدی انتخابات کا اعلامیہ اس طرح جاری کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کا الیکشن کمیشن اور پولیس تحفظ کررہے ہیں۔ سیاسی فائدے کے لیے حکومت ان اداروں کا استعمال کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن شیڈول کی اجرائی سے قبل ٹی آر ایس قائدین نے سوشل میڈیا پر شیڈول جاری کردیا۔ سرکاری طورپر اجرائی سے قبل یہ تفصیلات کس طرح ٹی آر ایس قائدین تک پہنچ گئیں۔ جگاریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی بلدی انتخابات کا سامنا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ ریاست کی تقسیم سے قبل الیکشن کمیشن پر عوام کو اعتماد تھا اور اس کا وقار تھا لیکن تلنگانہ ریاست میں الیکشن کمیشن کی اہمیت ختم ہوچکی ہے۔ الیکشن کمشنر کی حیثیت سے حکومت کے قریبی اور بااعتماد افراد کو مقرر کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو چاہئے کہ وہ رائے دہندوں کی سہولت کے مطابق شیڈول تیار کرے لیکن یہاں حکومت اور ٹی آر ایس کے اشارے پر شیڈول تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشنر آزادانہ طور پر خدمات انجام دینے کے بجائے چیف منسٹر کی نگرانی میں کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی حلقہ جات کے ترقیاتی فنڈس کی اجرائی میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔