میدک میں ایم ایل اے کیمپ آفس میں شادی مبارک امدادی چیکس کی تقسیم ‘ ایم روہت کا خطاب
میدک، 25 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میدک کے رکن اسمبلی ڈاکٹر مائنم پلی روہت رائو نے کہا کہ ریاستی حکومت کے لئے ترقی اور عوامی فلاح دونوں یکساں اہمیت رکھتے ہیں اور یہ دو آنکھوں کے مانند ہیں۔ انہوں نے میدک شہر میں واقع ایم ایل اے کیمپ دفتر میں حویلی گھنپور منڈل سے تعلق رکھنے والے مستحق عوام میں کلیان لکشمی اور شادی مبارک اسکیم کے تحت امدادی چیکس تقسیم کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک جانب مستحق عوام کو فلاحی اسکیمات فراہم کی جا رہی ہیں تو دوسری جانب ترقیاتی کاموں پر بھی بھرپور توجہ دی جا رہی ہے اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے مسلسل اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں راشن کارڈ کی فراہمی میں مشکلات پیش آتی تھیں تاہم موجودہ حکومت میں یہ عمل مسلسل جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی ڈبلیو اے سی آر اے خواتین کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کے لئے بلا سود قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں جبکہ خواتین کے لئے مفت بس سہولت سے بھی ان کے اخراجات میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلیان لکشمی اور شادی مبارک اسکیم کے تحت اب تک میدک حلقہ میں تقریباً پانچ کروڑ روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کسانوں کی بہبود کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں پہلی بار ایک ساتھ قرض معافی کی گئی ہے اور میکانائزیشن اسکیم کے تحت کسانوں کو سبسیڈی پر زرعی آلات فراہم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات کے دوران کئے گئے وعدوں کو مرحلہ وار پورا کیا جا رہا ہے۔ اس پروگرام میں ضلع زرعی عہدیدار دیو کمار، اے ڈی وجئے نرملا، تحصیلدار سندھو رینوکا، میونسپل چیئرپرسن کے رادھیکا بھوپتی راج، نائب چیئرمین ڈی نریش گوڑ، ٹائون کانگریس صدر ایم گنگا دھر، یوتھ کانگریس ضلع صدر پرشورام گوڑ سمیت دیگر عوامی نمائندے، کونسلرس، سرپنچ اور متعلقہ عہدیداران شریک تھے۔