پارٹی کارکنوں کا اجلاس ، رائے دہندوں سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے بہار کے مغربی چمپارن ضلع میں مہا گٹھ بندھن کی انتخابی مہم میں حصہ لیا ۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے ریاستی وزیر کو بہار کی انتخابی مہم میں اسٹار کیمپینر کے طورپر شامل کیا ہے ۔ مغربی چمپارن ضلع کے اسمبلی حلقہ جات میں پارٹی کارکنوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے سرینواس ریڈی نے انتخابی مہم کا جائزہ لیا۔ انہوں نے رائے دہندوں سے ملاقات کی اور مہا گٹھ بندھن کے حق میں ووٹ کی اپیل کی۔ بہار میں مہا گٹھ بندھن کی کامیابی کو یقینی قرار دیتے ہوئے سرینواس ریڈی نے کہا کہ عوام نتیش کمار حکومت سے ناراض ہیں۔ این ڈی اے حکومت نے عوام کے بنیادی مسائل کو نظر انداز کردیا ہے۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ آر جے ڈی ، کانگریس اور بائیں بازو جماعتوں پر مشتمل اتحاد شاندار کامیابی حاصل کرے گا۔ سرینواس ریڈی نے بہار کے اے آئی سی سی انچارج کرشنا الور ، اے آئی سی سی مبصر بی وی سرینواس اور ضلع کانگریس صدر پرمود سنگھ پاٹل کے ہمراہ کانگریس اور آر جے ڈی امیدواروں کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ نتیش کمار کے 20 سالہ دور میں بہار کی کوئی ترقی نہیں ہوئی اور پسماندگی میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ، جے ڈی یو کو شکست کا یقین ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں ترقی اور عوام کی بھلائی صرف کانگریس اور آر جے ڈی سے ممکن ہے۔ بیروزگار نوجوانوں ، کسانوں ، خواتین اور مزدوروں کیلئے جو وعدے کئے گئے ، ان کی تکمیل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تیجسوی یادو چیف منسٹر کی حیثیت سے بہار کو ترقی کی نئی منزلوں تک پہنچائیں گے۔1