حیدرآباد 26 جولائی (سیاست نیوز) ریاستی کابینہ کا اجلاس یکم اگسٹ کو طلب کیا گیا ہے جس میں کئی اہم اُمور پر غور و خوض اور فیصلوں کا امکان ہے۔ اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے دوران کابینی اجلاس کی طلبی سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بن چکی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی صدارت میں کابینہ کا اجلاس یکم اگسٹ کو 4 بجے شام سکریٹریٹ میں منعقد ہوگا۔ اسی دن اسمبلی کا اجلاس بھی مقرر ہے لہذا کابینہ کے اجلاس کا وقت ایوان کی کارروائی کے بعد مقرر کیا گیا ہے۔ اسمبلی کا بجٹ اجلاس 2 اگسٹ تک جاری رہے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ اسمبلی میں حکومت کی جانب سے پیش کئے جانے والے بلز کا اجلاس میں جائزہ لیا جائے گا۔ اسکل یونیورسٹی کے قیام کے لئے اسمبلی میں بل پیش کئے جانے کا امکان ہے۔ حکومت کسانوں سے متعلق وعدوں پر عمل آوری کے لئے اگریکلچرل کمیشن کے قیام کی تجویز رکھتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اسمبلی اجلاس میں حکومت کے ایجنڈہ کو کابینہ میں قطعیت دی جائے گی۔ کابینہ کے ایجنڈہ میں پنچایت راج اداروں کے انتخابات شامل رہیں گے۔ 1