ریاست بھر میں ایس ایس سی امتحان کا آج سے آغاز

   

پانچ لاکھ سے زائد طلباء و طالبات کی شرکت متوقع
پانچ منٹ تاخیر رعایت، ہال ٹکٹ پر کیو آر کوڈ کے ذریعہ امتحانی مرکز کی رہنمائی
حیدرآباد ۔13 ۔ مارچ (سیاست نیوز) ایس ایس سی سرکاری امتحانات کا کل 14 مارچ سے ریاست بھر میں آغاز ہورہا ہے جس میں جملہ 528239 امیدواروں کی شرکت متوقع ہے ۔ امتحانات کیلئے 267954 بوائز اور 260285 گرلز نے رجسٹرڈ کرایا ہے۔ 16 اپریل تک جاری رہنے والے امتحانات کیلئے ریاست بھر میں 2676 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ۔ امتحان کا وقت صبح 9.30 تا دوپہر 12.30 بجے رہے گا ۔ محکمہ اسکولی تعلیم نے جاریہ سال سے کئی نئی اصلاحات متعارف کی ہے۔ امیدواروں کے ہال ٹکٹ پر کیو آر کوڈ کے ذریعہ امتحانی مرکز کی رہنمائی کی گئی ہے ۔ امیدوار کیو آر کوڈ کے ذریعہ بآسانی اپنے امتحانی مرکز کی نشاندہی کرتے ہوئے پہنچ سکتے ہیں۔ ڈائرکٹر جنرل سرکاری امتحانات نے او ایم آر شیڈ اور آنسر بک لیٹ کا نمونہ جاری کیا۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ امیدواروں کو صرف پانچ منٹ کی تاخیر کی صورت میں امتحانی مراکز میں داخلہ کی اجازت دی جائے گی۔ پانچ منٹ کے بعد پہنچنے والے امیدواروں کو امتحان ہال میں داخلہ نہیں رہے گا۔ محکمہ تعلیم نے گزشتہ سال بھی پانچ منٹ کی رعایت دی تھی۔ امتحانات کے موثر انعقاد کے لئے 144 فلائینگ اسکواڈ تشکیل دیئے گئے ہیں تاکہ نقل نویسی کو روکا جائے۔ ہر امتحانی مرکز پر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت دی گئی ہے جن میں پینے کا پانی ، لڑ کے اور لڑکیوں کیلئے علحدہ ٹائلیٹس اور طلبہ کیلئے ڈیسک اور چیرس کا انتظام شامل ہے۔ امتحانی مراکز پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسر ، تحصیلدار اور منڈل ایجوکیشنل آفیسرس کے ٹیلیفون نمبرات آویزاں کئے جائیں گے ۔ حکومت نے محکمہ جات پولیس ، ہیلت ، برقی اور ریونیو کو اشتراک کی ہدایت دی ہے۔ آر ٹی سی کی جانب سے خصوصی بسیں چلائی جائیں گی تاکہ طلبہ مقررہ وقت پر امتحانی مرکز پہنچ سکیں۔ محکمہ تعلیم نے 24 گھنٹے کا کلاک کنٹرول روم قائم کیا ہے تاکہ امتحانات کے دوران درپیش مسائل کی یکسوئی کی جاسکے۔ جاریہ سال ہر امتحان کے درمیان 3 تا 4 دن کا وقفہ دیا گیا ہے جبکہ سابق میں صرف ایک دن کا وقفہ دیا جاتا رہا۔ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے آر ٹی سی ڈرائیورس کو پابند کیا ہے کہ وہ ایس ایس سی امیدواروں کی خواہش کے مطابق بس کو امتحانی مراکز کے قریب روکیں۔1