ریاست تلنگانہ فلاحی اسکیمات کی عمل آوری میں سرفہرست

   


سوریاپیٹ میں آسراپنشن کارڈز کی تقسیم ، ریاستی وزیر جگدیش ریڈی کا خطاب

سوریاپیٹ:یکم / ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وزیر برقی جی جگدیش ریڈی نے کہا کہ ریاست تلنگانہ ترقیاتی فلاحی اسکیمات پر عمل آوری میں سب سے آگے ہے۔ نئی منظور شدہ آسرا پنشن سے متعلق کارڈز سمنگلی فنکشن ہال میں صدر نشین ضلع پریشد جی دیپیکا یوگیندر اور ضلع کلکٹر پاٹل ہیمنت کیشو کے ہمراہ پن پہاڑ کے 1295 اور چیوملہ منڈل کے 1067 افراد کو نئے کارڈز تقسیم کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ ضلع میں سیاست سے بالا تر ہو کر غریب عوام کو فلاحی اسکیمیں فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حلقہ میں 72 ہزار خاندان ہیں جن میں سے 60 فیصد کو پنشن مل رہی ہے، ابھی تک ضلع میں مختلف قسم کی پنشن کے تحت مستحقین کو 600 کروڑ روپے فراہم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی 28 ریاستوں میں سے کسی میں بھی کلیانہ لکشمی، شادی مبارک، رعیتو بندھو اسکیمات نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ریاستوں کی کسان تنظیموں کے قائدین اور اعلیٰ عہدیدار تلنگانہ کی ترقی کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں گنگا جمنا کی تہذیب ہے اور وہ ایک دوسرے کے تہوار شاندار طریقے سے مناتے ہیں۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ضلع نے کسان برادری میں انقلابی تبدیلی لائی ہے اور فصل کی کاشت میں ضلع کو ریاست میں سب سے آگے رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ غریبوں کی فلاح و بہبود حکومت کا نصب العین ہے۔ ترقیاتی اور فلاحی اسکیمیں دوسری ریاستوں کے لیے ایک ترغیب ہیں۔ اس موقع پر Z.P. سی ای او سریش، آر ڈی او راجندر کمار، پی ڈی۔ کرن کمار، صدر نشین ضلع لائبریری این سرینواس گوڑ، زیڈ پی ارکان این بکشم، کماری بابو نائک، زیڈ پی ٹی سی سنجیوا نائک اور دیگر موجود تھے۔