ریاست میں آئندہ دو دنوں میں ہلکی تا تیز بارش کی پیش قیاسی

   

حیدرآباد۔3جون(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں آئندہ دو یوم کے دوران ہلکی اور تیز بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ریاست شمالی اضلاع میں موسلادھار بارش کی پیش قیاسی اور طوفان کے اثرات کا امکان ظاہر کیا جا رہاہے اور کہا جارہا ہے کہ عادل آباد‘نرمل‘ نظام آباد ‘ کاماریڈی ‘ کمرم بھیم آصف آباد‘سرسلہ ‘ میدک کریم نگر جگتیال کے علاوہ پدا پلی اور منچریال میں بھی بارش کے لئے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ریاست کے مابقی اضلاع میں موسم کی صورتحال پر نگاہ رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ پیش قیاسی میں بتایا گیا ہے کہ ریاست کے ان اضلاع میں طوفان کا اثر اور بحرۂ عرب میں ہوا کے دباؤ میں ریکارڈ کی جانے بالی گراوٹ کا اثر دیکھا جائے گا ۔ بحرۂ عرب میں ہوا کے دباؤ کے سبب مہاراشٹرا کو زبردست طوفان کا سامنا ہے اور کہا جارہاہے کہ اس کے اثرات ریاست تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں دیکھے جائیں گے ۔ شہر حیدرآباد کے نواحی علاقوں اور پڑوسی اضلاع میں بھی مطلع ابر آلود رہنے لگا ہے اور ٹھنڈی اور تیز ہوائیں چلنے کے سبب موسم خوشگوار ہوتا جارہاہے ۔