ریاست میں آج ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا اعلان ‘ تمام تیاریاں مکمل

,

   

انتظامات کو قطعیت ۔ دوپہر تک رجحانات کا پتہ چل جائے گا ‘پہلے پوسٹل ووٹوں کی گنتی ،سیاسی کارکنوں میں تجسس‘ جشن ، آتشبازی ، ریالیوں پر پابندی
حیدرآباد ۔ 2 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : ریاست میں ووٹوں کی گنتی کے لیے تمام تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں ۔ 3 دسمبر کو صبح 8 بجے سے ووٹوں کی گنتی کا آغاز ہوگا اور دوپہر تک نتائج کے رجحان کا پتہ چل جائے گا ۔ ریاست کے 119 اسمبلی حلقوں کے ووٹوں کی گنتی کے لیے جملہ 49 مراکز قائم کئے گئے ہیں ۔ صبح 8 بجے سے پوسٹل ووٹوں کی گنتی کا آغاز ہوگیا ہے ۔ 1.80 لاکھ رائے دہندوں نے پوسٹل ووٹ سے استفادہ کیا ہے ۔ 30 نومبر کو رائے دہی کا عمل مکمل ہونے کے بعد ایگزٹ پول کے نتائج نے عوام میں اصل نتائج کو لے کر تجسس پیدا کیا کردیا ہے ۔ بیشتر ایگزٹ پول نتائج نے کانگریس کی کامیابی کی پیش قیاسی کی ہے ۔ چند ایگزٹ پول نے بی آر ایس کی لہر دکھائی ہے ۔ بی آر ایس پارٹی نے اپنی کامیابی کو یقینی قرار دیا ہے ۔ جس کے بعد نتائج کو لے کر عوام میں دلچسپی پیدا ہوگئی ہے اور بڑے پیمانہ پر سٹہ چل رہا ہے ۔ ریاست میں جملہ رائے دہندوں کی تعداد 3,26,02,793 ہے ۔ جس میں 2,32,59,256 رائے دہندوں نے حق رائے دہی سے استفادہ کیا ہے ۔ ریاست کے 119 اسمبلی حلقوں میں 2290 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں ۔ اتوار کو منعقد ہونے والے ووٹوں کی گنتی کے لیے جملہ 1766 ٹیبلس کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ ہر ایک اسمبلی کے لیے 14 ٹیبلس ہوں گے ۔ پوسٹل بیالٹ ووٹوں کی گنتی کے لیے ہر 500 ووٹ کے لیے ایک ٹیبل قائم کیا گیا ہے ۔ امید کی جارہی ہے کہ ووٹوں کی گنتی کے آغاز کے بعد پہلے آدھے گھنٹے میں پوسٹل بیالٹ ووٹنگ کے نتائج برآمد ہوں گے ۔ الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ووٹوں کے آغاز کے بعد ہر 20 منٹ میں ایک راونڈ مکمل ہونے کی توقع کی جارہی ہے ۔ اسمبلی حلقہ جات کوکٹ پلی ، اپل ، ملکاجگیری ، پٹن چیرو میں 400 سے زائد پولنگ مراکز ہونے کی وجہ سے ان اسمبلی حلقوں میں فی اسمبلی حلقہ 20 ٹیبلس قائم کئے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ اسمبلی حلقہ جات راجندر نگر ، ایل بی نگر ، شیر لنگم پلی ، مہیشورم ، میڑچل میں 500 سے زائد پولنگ مراکز ہونے کی وجہ سے ایک اسمبلی حلقہ کے لیے 28 ٹیبلس قائم کئے گئے ہیں ۔ ہر الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو تین مرتبہ شمار ( گنتی ) کی جائے گی ۔ ووٹوں کی گنتی کے مراکز کے پاس بڑے پیمانے پر حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ سنٹرل فورسیس کی 40 کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں ۔ ووٹوں کی گنتی سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی میں کی جائے گی ۔ ووٹوں کی گنتی کے مراکز کے پاس 144 سیکشن نافذ کیا گیا ہے ۔ سڑکوں پر ریالیاں ، آتشبازی اور جلوس و ریالیاں منظم کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور ساتھ ہی شراب کی دوکانات بھی بند رہیں گی ۔۔ ن