یکم جون سے کلاسیس شروع ہوں گی اور 30 جون کو داخلوں کا اختتام
حیدرآباد۔/14 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے تعلیمی سال 2023-24 کیلئے انٹرمیڈیٹ میں داخلوں کا شیڈول جاری کیا ہے۔ سکریٹری بورڈ آف انٹر میڈیٹ کے مطابق تمام سرکاری، خانگی، خانگی امدادی، غیر امدادی، اقامتی اور ماڈل جونیر کالجس میں داخلوں کیلئے اسی شیڈول پر عمل ہوگا۔ 15 مئی سے درخواست فارم کی اجرائی اور داخلوں کا عمل شروع کیا جائے گا۔ یکم جون سے کلاسیس کا آغاز ہوگا اور 30 جون کو داخلے مکمل کرلیئے جائیں گے۔ دوسرے مرحلہ کے داخلوں کے شیڈول کا بعد میں اعلان کیا جائے گا۔ فرسٹ ایئر انٹر میڈیٹ کی کلاسیس کا یکم جون کو آغاز ہوگا اور تمام جونیر کالجس کے پرنسپلس انٹرنیٹ مارکس میمو کی بنیاد پر داخلے مکمل کرسکتے ہیں۔ اوریجنل ایس ایس سی سرٹیفکیٹ اور ٹرانسفر سرٹیفکیٹ کی پیشکشی کے بعد داخلوں کی توثیق کی جائے گی۔ پرنسپلس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ رول آف ریزرویشن پر عمل کریں جس کے تحت ایس سی طبقہ کیلئے 15 فیصد، ایس ٹی 10 فیصد، بی سی29 فیصد تحفظات فراہم کئے جائیں گے۔ بی سی ای زمرہ کے تحت مسلم امیدواروں کو 4 فیصد تحفظات حاصل رہیں گے۔ معذورین کیلئے 3 فیصد، ایس ایس سی اور اسپورٹس 5 فیصد، سابق فوجیوں اور ریاست میں مقیم فوجیوں کیلئے 3 فیصد اور معاشی طور پر پسماندہ طبقات EWS کیلئے 10 فیصد تحفظات رہیں گے۔ طالبات کیلئے 33.33 فیصد یا ایک تہائی نشستیں محفوظ کی جائیں گی۔ انٹر میڈیٹ میں داخلوں کیلئے طلبہ کو آدھار نمبر پیش کرنا ہوگا۔ بورڈ آف انٹر میڈیٹ نے داخلوں کے سلسلہ میں جو تناسب مقرر کیا ہے اس کے مطابق داخلے دیئے جائیں۔ طلبہ اور اولیائے طلبہ کو اطلاع دی گئی ہے کہ وہ صرف مسلمہ کالجس میں داخلہ حاصل کریں جن کی تفصیلات بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن کی ویب سائیٹ پر موجود ہے۔ر