گزشتہ سال کے بہ نسبت 2 لاکھ ووٹرس کا اضافہ سنٹرل الیکشن کمیشن کا اعلان
حیدرآباد : /5 جنوری (سیاست نیوز) سنٹرل الیکشن کمیشن نے تلنگانہ کی فہرست رائے دہندگان کو ترمیمات کے بعد قطعیت دے دی ہے ۔ ریاست میں 3,03,56,894 رائے دہندے ہونے کا اعلان کیا ہے جس میں مرد رائے دہندوں کی تعداد 1,52,56,474 اور خاتون رائے دہندوں کی تعداد 1,50,98,685 ہیں جبکہ دیگر رائے دہندوں کی تعداد 1,735 ہے ۔ ساتھ ہی 18 تا 19 سال عمر والے رائے دہندوں کی تعداد 1,36,496 ہے ۔ سال 2021 ء کے مقابل فہرست رائے دہندگان میں 2 لاکھ ووٹرس کا اضافہ ہوا ہے ۔ ریاست کے 119 اسمبلی حلقوں کے 19,314 علاقوں میں 34,867 پولنگ مراکز ہونے کی توثیق کی گئی ہے ۔ سنٹرل الیکشن کمیشن کی جانب سے ہر سال ملک بھر میں فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کی جاتی ہے ۔ 18 سال عمر مکمل کرنے والے نوجوانوں کے نام جہاں فہرست رائے دہندگان میں اندراج کئے جاتے ہیں وہیں جو لوگ انتقال کرگئے ہیں یا ایک مقام سے دوسرے مقام کو منتقل ہوگئے ہیں ان کے نام حذف کرتے ہوئے نقل مقام کرنے والوں کو نئے آڈرس کے ساتھ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کی گنجائش فراہم کی جاتی ہے ۔ غلطی سے کسی کے نام فہرست رائے دہندگان سے حذف ہوگئے ہیں تو انہیں دوبارہ ناموں کا اندراج کرنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے ۔ اس کے علاوہ ناموں میں کوئی غلطیاں ہوں تو اس کو بھی درست کیا جاتا ہے ۔ ن