15 ستمبر کو جشن منانے کا فیصلہ، کے ٹی آر اور ہریش راؤ کی ٹیلی کانفرنس
حیدرآباد ۔8۔ ستمبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے 15 ستمبر کو بیک وقت 9 گورنمنٹ میڈیکل کاجس کے افتتاح کے پیش نظر اضلاع ہیڈکوارٹرس پر 15 تا 20 ہزار عوام کے ساتھ ریالیاں منظم کرتے ہوئے جشن منانے کا پارٹی کیڈر کو مشورہ دیا اور ان ریالیوں میں وزراء ، بی آر ایس کے ارکان اسمبلی ، ارکان پارلیمنٹ اور دیگر قائدین کو شرکت کرنے پر زور دیا ۔ کے ٹی آر اور ہریش راؤ نے آج وزراء اور ارکان اسمبلی کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر 15 ستمبر کو بیک وقت 9 گورنمنٹ کالجس کا افتتاح کریں گے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ طلبہ کو طبی تعلیم کے مواقع فراہم کرنے اور عوام کو معیاری طبی خدمات فراہم کرنے کیلئے چیف منسٹر کے سی آر نے ریاست کے تمام اضلاع میں گورنمنٹ میڈیکل کالجس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جشن کے پروگرام میں نوجوانوں اور طلبہ کو بھی شامل کرنے پر زور دیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کے کسی ایک میڈیکل کالج کا دورہ کرنے کے بھی قوی امکانات ہیں۔ وزیر صحت ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کاما ریڈی میڈیکل کالج کا افتتاح کریں گے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس کے 50 سالہ دور حکومت میں تلنگانہ کو صرف 2 میڈیکل کالجس حاصل ہوئے ہیں ۔ مودی حکومت نے ملک میں 157 میڈیکل کالجس کو منظوری دی ہے ۔ مگر تلنگانہ کو ایک میڈیکل کالج بھی منظور نہیں کیا گیا ۔ قومی جماعتوں کی دھوکہ دہی کو عوام تک لے جانے کا پارٹی قائدین کو مشورہ دیا ۔ ریاستی وزیر صحت ہریش راؤ نے ملک میں سب سے ز یادہ ایم بی بی ایس نشستیں تلنگانہ میں ہونے کا دعویٰ کیا۔ ریاست کی ہر ایک لاکھ آبادی کیلئے 22 ایم بی بی ایس کی نشستیں ہیں۔ اس معاملہ میں ریاست 2014 ء میں آخری مقام پر تھا۔ آج سارے ملک میں سرفہرست ہوگیا ہے ۔ جاریہ سال ایم بی بی ایس نشستوں کا جو اضافہ ہوا ہے ، اس میں 43 فیصد نشستیں تلنگانہ میں ہیں۔ ن
سائمولیٹر ٹریننگ کیلئے ایر انڈیا کو ڈی جی سی اے کی مشروط اجازت
حیدرآباد۔ 8 ستمبر (سیاست نیوز) ڈائرکٹوریٹ جنرل آف سیول آوٹیشن (DGCA) نے ممبئی اور حیدرآباد میں ایر انڈیا کی سائمولیٹر فیسلٹیز کو سائمولیٹر ٹریننگ کے لئے مشروط اجازت دی ہے۔ اس فیصلہ سے ایر لائن پائیلٹ ٹریننگ کو پھر سے شروع کر پائیں گی جو ایک آڈٹ کی وجہ اس کی منظوری کو معطل کرنے کے بعد رک گئی تھی۔ اس آڈٹ میں ریگولیٹری معیارات کو اختیار نہ کرنے کا انکشاف کیا گیا تھا۔ ڈی جی سی اے کے ایک عہدیدار نے کہا کہ نقائص کو دور کرنے کے بعد 30 دن کی مدت کے لئے مشروط منظوری دی گئی ہے۔ اس 30 دن وینڈو کے اندر ایک انٹرنل آڈٹ کی جائے گی اور اس کے نتائج سے ہمیں واقفف کروایا جائے گا۔ ایر انڈیا کی جانب سے پائلیٹ ٹریننگ کے لئے دو علیحدہ سائمولیٹرس کو مینیج کیا جاتا ہے۔
ممبئی کی فیسلٹی بوئنگ پائیلٹس کی ٹریننگ کے لئے ہے جبکہ حیدراباد کی فیسلٹی کو اہم طور پر ایر بس پائلیٹ ٹریننگ کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ گزشتہ ہفتہ ڈی جی سی اے نے ایر انڈیا کی حیدراباد اور ممبئی فیسلٹیز پر سائمولیٹر ٹریننگ کو معطل کردیا تھا۔