ریاستی کمیٹی کے علاوہ 12 علاقائی کمیٹیوں کی تشکیل کی اطلاع
حیدرآباد۔20جولائی (سیاست نیوز) ریاست میں نکسلائٹس کی سرگرمیوں میں اضافہ ہونے لگا ہے اور نکسلائٹس نے 12 نئی کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔ گذشتہ چند ماہ میںنکسلائٹس سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے اور اب ماویسٹوں نے تلنگانہ میں ریاستی کمیٹی کی تشکیل دے دی جس میں 7سرکردہ قائدین شامل ہیں ۔ علاوہ ازیں 12 علاقائی کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لائی گئی جو مختلف سرگرمیوںکی انجام دہی کی نگرانی کریں گی۔ اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ریاست میں نکسلائٹس کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ سرحدی اضلاع کے علاوہ نکسلائٹس متاثرہ اضلاع میں کمیٹیوں کی تشکیل کے انکشاف نے ریاستی و مرکزی ایجنسیوں کو متحرک کردیا ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ خودنکسلائٹس نے کمیٹیوں کی تشکیل سے واقف کروایا ہے۔سرکردہ ماؤسٹ قائد جگن کو تلنگانہ کا سیکریٹری بنایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ چند ماہ قبل پولیس فائرنگ کے تبادلہ میں جگن اور اہلیہ زخمی ہوئے تھے لیکن اب اس اطلاع پر پولیس نے کئی مقامات پر تلاشی کے بعد اعتراف کیا کہ جگن زندہ ہے اور تلنگانہ میں موجود ہے۔ جگن کو تلنگانہ ماؤسٹ سیکریٹری بنانے کے بعد ریاست میں سرگرمیوں کے اضافہ کا اندیشہ ظاہر کیا جانے لگا ہے ۔کہا جار ہاہے کہ پولیس کے علاوہ خفیہ محکمہ جات سے ان سرگرمیوں کی نگرانی کیلئے حکمت عملی تیار کی جارہی ہے ۔