ریاست میں کل سے ایس ایس سی امتحانات ، تمام انتظامات مکمل

   

۔5.52 لاکھ طلبہ کیلئے 2,563 امتحانی مراکز ، ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن ٹی وجئے کمار کا بیان

حیدرآباد۔14مارچ(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں 16مارچ سے شروع ہونے والے ایس ایس سی امتحانات کے سلسلہ میں انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور ان امتحانات کے پر امن و شفاف انعقاد کیلئے متعلقہ محکمہ جات کے علاوہ محکمہ تعلیم کے امتحانات سے متعلق عہدیداروں کو مستعد رہنے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔ ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن مسٹر ٹی وجئے کمار نے آج ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امتحانات میں 11ہزار23 اسکولوں سے تعلق رکھنے والے 5لاکھ 52ہزار 302طلبہ شرکت کریں گے جن میں 2لاکھ 55ہزار 318طلباء اور 2لاکھ 52ہزار 492 طالبات شرکت کریں گے۔مسٹر ٹی وجئے کمار نے بتایا کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے طلبہ کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر مسلمہ اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو بھی امتحانات تحریر کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے تاکہ ان کا مستقبل تاریک ہونے سے محفوظ رہے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں ایس ایس سی امتحانات میں حصہ لینے والے جملہ 5لاکھ 52ہزار 302 امیدوارو ںمیں 5لاکھ 7ہزار 810 امیدوار ریگولر ہیں جبکہ 44ہزار 492امیدواروں کا تعلق پرائیویٹ سے ہے۔ ایس ایس سی امتحانات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو 15منٹ قبل امتحانی مراکز پہنچنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ وقت کی پابندی کریں اور امتحانی مرکز پر وقت سے پہلے پہنچ جائیں تاخیر سے پہنچنے والے طلبہ کو امتحانی مراکز میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔