شمالی اضلاع میں بادل، جنوبی اضلاع میں ہلکی اور تیز بارش ، ماہرین موسمیات کی پیش قیاسی
حیدرآباد۔8 ۔ ستمبر ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ کے بیشتر اضلاع اور دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں آئندہ 4یوم کے دوران موسم میں کوئی نمایاں تبدیلی رونما نہیں ہوگی لیکن مجموعی طور پر بادلوں کا رخ مکمل طور پر شمالی اضلاع کی سمت ہوچکا ہے اس کے باوجود محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 4یوم کے دوران ریاست کے مختلف اضلاع بشمول آصف آباد‘ کھمم ‘ عادل آباد‘ نرمل ‘ جگتیال ‘ نظام آباد ‘ منچریال ‘ پداپلی ‘ بھوپل پلی اور ملگ میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ جنوبی اضلاع میں ہلکی اور تیز بارشوں کا امکان ہے۔ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں مطلع ابر آلود ہونے اور وقفہ وقفہ سے بارش ہونے کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ دویوم کے دوران دونوں شہروں میں موسم میں کوئی بہتری کے امکان نہیں ہے بلکہ وقفہ وقفہ سے بارشوں کے نتیجہ میں سرد ہوائیں جاری رہنے کا امکان ہے۔ دونوں شہروں کے مختلف علاقوں اور مضافاتی علاقوں میں اتوار کے دن دوپہر کے بعد سے کئی مقامات پر تیز بارشوں کا سلسلہ جاری رہا اور قلب شہر میں بھی کئی مقامات پر دوپہر کے بعد سے معمولی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کی صورتحال دوبارہ پیدا ہونے لگی ہے اور اس کے اثرات دونوں تلگو ریاستوں کے علاوہ اوڈیشہ اور چھتیس گڑھ پر بھی مرتب ہونے کے امکانات ہیں لیکن طوفانی یا موسلادھار بارشوں کے فوری طور پر کوئی امکانات نہیں ہیں اسی لئے قبل از وقت کسی بھی طرح کی پیش قیاسی سے خانگی ماہرین موسمیات بھی گریز کر رہے ہیں۔3