بے روزگاری اور کسانوں کی خودکشی کا کوئی تذکرہ نہیں،آمدنی کے بہتر استعمال میں ناکامی
حیدرآباد۔/24 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ جنا سمیتی کے سربراہ پروفیسر کودنڈا رام نے ریاست کے مالی موقف پر وزیر فینانس ہریش راؤ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کو غیر اطمینان بخش قرار دیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کودنڈا رام نے کہا کہ وزیر فینانس نے آمدنی میں اضافہ اور دیگر ریاستوں کے مقابلہ معاشی ترقی کے بلند بانگ دعوے کئے ہیں لیکن انہوں نے قرض کے حصول کے بارے میں حقیقی اعداد و شمار کو مخفی رکھا ہے جس کے نتیجہ میں مالی طور پر خود مکتفی ریاست قرض کے جال میں پھنس چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں بیروزگاری میں اضافہ سے متعلق کوئی اعداد و شمار پیش نہیں کئے گئے حالانکہ گزشتہ سات برسوں میں بیروزگاری میں تین گنا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی سطح پر پیداوار گزشتہ دو برسوں کے دوران گھٹ چکی ہے۔ تعمیراتی شعبہ، رئیل اسٹیٹ، تعلیم اور صحت جیسے شعبہ جات بحران کا شکار ہیں۔ حکومت کو عوام کے حقیقی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے اور وہ صرف اعداد و شمار کے کھیل کے ذریعہ بلند بانگ دعوے کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو سب سے زائد آمدنی حیدرآباد سے ہے اور ایک اندازہ کے مطابق حکومت کو سالانہ 75000 کروڑ کی آمدنی ہورہی ہے لیکن افسوس کہ حکومت آمدنی کے صحیح خرچ میں ناکام ہوچکی ہے۔ تعلیم اور صحت جیسے شعبہ جات کو نظرانداز کردیا گیا اور ساری توجہ آبپاشی پراجکٹس پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت میں زیادہ سے زیادہ خرچ کی ضرورت ہے کیونکہ یہ دونوں بنیادی شعبہ جات کا عوام کی ضرورتوں سے تعلق ہے۔ حکومت نے آبپاشی پراجکٹس خاص طور پر کالیشورم پر بھاری رقومات خرچ کردی ہیں جس سے ریاست کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کمیشن کے حصول کیلئے آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر پر توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے حکومت کو اقدامات کرنے چاہیئے کیونکہ تلنگانہ کی تشکیل کا مقصد نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنا تھا جن مقاصد کیلئے تلنگانہ عوام بالخصوص نوجوانوں نے جدوجہد کی تھی آج ان کی تکمیل کے بارے میں طلبہ اور نوجوانوں کو مایوسی ہوئی ہے۔ کودنڈا رام نے کہا کہ کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں یہ واضح کیا گیا کہ حکومت وسائل اور آمدنی کے بہتر خرچ میں ناکام ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کسانوں کی خودکشی کے واقعات اور بیروزگاری میں اضافہ کی وجوہات سے عوام کو واقف کرائے۔ تلنگانہ جنا سمیتی عوامی مسائل پر جدوجہد جاری رکھے گی۔R