کاروباری اداروں سے تقریباً10 بچہ مزدورمحکمہ لیبر کے حوالے
بودھن۔/14 جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست گیر سطح پر بچہ مزدوری کے تدارک کیلئے شروع کی گئی مہم آپریشن مسکان کے تحت آج بودھن کے مختلف دکانات و کاروباری اداروں پر اسسٹنٹ لیبر آفیسر کی قیادت میں ایک ٹیم نے دھاوے کرتے ہوئے 10 بچہ مزدوروں کو حراست میں لے کر انہیں اسکولوں کو روانہ کیا۔ لیبرآفیسر کمار نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ یکم جولائی تا 31 جولائی آپریشن مسکان کے تحت بچہ مزدوروں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں ہاسٹلس و مدارس میں داخلہ دلوایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاحال ضلع نظام آباد میں تقریباً تیس بچوں کو بچہ مزدوری سے آزادی دلائی گئی۔ انہوں نے آجروں سے خواہش کی کہ 18 سال سے کم عمر بچوں کو اپنے پاس ملازم نہ رکھیں۔ بچوں یا انکے والدین کے بجائے دکانداروں کے خلاف کارروائی ہوگی جنہیں جرمانہ یا سزا یا دونوں بھی ہوں گے۔